میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
ایک نئے پاکستان کی تعبیر!

ایک نئے پاکستان کی تعبیر!

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۴ جولائی ۲۰۲۴

شیئر کریں

ب نقاب /ایم آر ملک

کسی بڑے طوفان کے پھوٹنے کے آثار اور علامات کو بہت کم لوگ دیکھتے ہیں ،سماجی اور سیاسی خاموشی میں گہرا شور بہت کم کانوں کو سنائی دیتا ہے مگر جب برداشت ٹوٹتی ہے تو حشر برپا ہوتا ہے غربت کے سائے تلے کروڑوں پاکستانیوں کی بے قراری اس بات کا اظہار ہے کہ اب یہ سونامی تھمنے والا نہیں پہلے لیپ ٹاپ ،پیلی ٹیکسیاںاور اب سولر سسٹم ،مخصوص طبقہ کیلئے بجلی کے بلوں میں کمی کے ناٹک اب اس طوفان کے آگے بند نہیں باندھ سکتے ۔
قصر زردار کے مکیں اور رائے ونڈ کے شریفوں نے اپنے طبقہ کے مفادات کے نظام کو بچانے اور مسلط رکھنے کیلئے معاشرے کو تاراج اور اقبال کی دھرتی کے باسیوں پر اپنے بے رحمانہ معاشی اور سماجی مظالم ڈھائے ،ان کی ڈاکہ زنی اور لوٹ مار نے سرمایہ دارانہ نظام کی غلامی میں سسکتے 25کروڑ بے یارو مدد گار انسانوں کیلئے کچھ نہیں چھوڑا ،باری کا کھیل جاری رکھنے والوں نے مہنگائی کو جان لیوا ،غربت کو اذیت ناک ،بنیادی ضروریات کو نایاب اور استطاعت سے باہر کر دیا ،25کروڑ عوام کی زندگی کو جہنم بنا دیا ،اُن کی ہوس ،اُن کی عادت ،اُن کی خصلت اور کردار بن چکی ہے صرف چار ماہ کے قلیل عرصہ چچا بھتیجی کی سر پرستی میں کرپشن معاشرے کی رگوں اور شریانوں میں زہر بن کر سرائیت کر گئی ،کرپشن کے بغیر کسی صوبائی اور وفاقی ادارہ کے چلنے اور اُس کا وجود اور کار کردگی ممکن نہیں رہی ،وطن عزیز میںانسانی حقوق کی پامالی میںکسی چار دیواری کی عصمت محفوظ نہ رہی ،ہزاروں بے گناہ پابند سلاسل کئے گئے اور ان کے کانوں پر جوں تک نہ رینگی ۔مجرمانہ حکمرانی کو جواز بخشنے کیلئے پنجاب کے حکمرانوں نے لاہوریوں کی زندگی بھی اجیرن بنا دی مگر لاہور تو کبھی بھی ایک نہیں رہا ۔گلبرگ ،ڈیفنس ، اور پوش آشیانہ ا سکیموں کے بیچوں بیچ لاکھوں مفلوک الحال ،بے آسرا ،سماجی و معاشی بے بسی کے شکار محنت کشوں کی زندگیاں اتنی ہی سستی ہیں جتنی چوٹی ،روجھان ،کوٹ سلطان،راجن پور ،خان پور ،صادق آباد کی زندگیاں ، باری کا کھیل جاری رکھنے والی عوام پر مسلط دونوں پارٹیاں سیاسی نظریات تک سے عاری ہو گئیں ۔نظریاتی ورکروں کے انقلابی نظریات کو لکشمی دیوی کے چرنوں کی بھینٹ چڑھا دیا گیا دونوں پارٹیوں کے جانثار ورکرز شدید مایوسی ،لاچارگی کے عالم میں اپنی قربانیاں اور جدوجہد اِن کی بے رحم جمہوری منڈی میں نیلامی کیلئے لیکر پھرتے رہے ،سسکتے ،آہ و بکا کرتے رہے مگر سرمائے کے اقتدار میں اُن کی دال نہ گل سکی ،اِن کے جرائم پیشہ وزیر ،مجرم حواری صاحب اقتدار رہے جمہوریت کے نام پر سرمائے کی آمریت میں جبر پوری وحشت کیساتھ مظلوم عوام کامعاشی ،سماجی اور اقتصادی قتلِ عام کرتا رہا ،ان جمہوری حکمرانوں نے سول آمریت کی شکل میں سرمائے کی جمہوریت میں اپنی طاقت ،اقتدار اور بالا دستی کو قائم رکھا ان کے اعمال وہی رہے ، ان کا استحصال وہی رہا ،باری کا کھیل جاری رکھنے کیلئے اسمبلیاں نورا کشتی کے اکھاڑے بنے رہے ،آمریت کی کوکھ سے جنم لینے والے حتیٰ کہ اپنے ہاتھوں عوام پر من پسند مسلط کردہ آمر کے ساتھ ایک ڈیل کے تحت خود ساختہ جلاوطنی اختیار کرنے والے شریف زادے عوام کی غربت ،ذلت ،اذیت ،محرومی ،بے بسی ،مجبوری ،عذابو ں سے بھری زندگی کے زخموں پر تضحیک آمیز ہنسی ہنستے رہے ،میڈیا کے کوٹھوں کا کاروبار عروج پر رہا حتیٰ کہ شریفوں کے راتب پر پلنے والے تارڑ کے منشیوں نے عوامی شعور کو رائے ونڈ کے محلات کی جانب موڑنے کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگایا اور لگارہے ہیں ،اپنے لفظوں سے مکروہ چہروں پر عوامی مسیحائی کا جعلی نقاب لگاکر پیش کررہے ہیں مگر قلم کی قسم تو ربِ ذوالجلال نے کھائی بخدا یہ کسی لٹیرے کیلئے ایک لمپن (غنڈہ گرد )کا کردار نہیں ہو سکتی کسی کا گماشتہ اسے خواہ کسی بھی شکل میں استعمال کرے یہ کھیل اب اختتام چاہتا ہے۔ بیروزگاری کے ہاتھوں مفلوج ہوتی زندگی سے تنگ نوجوانوں کے کھولتے ہوئے غیض و غضب نے شریفوں کی قیادت میں باری کے کھیل اور ظاہری جمود کو اپنی قوت سے پاش پاش کرڈالا ، عمران کی قیادت میں شریفوں اور زرداریوں کی معاشی پالیسیوں کے خلاف انتقام کی آگ سے بھرے غصے اور نفرت کا اظہار کرتے ہوئے اکثریت متحرک ہوئی ہے ،سسکتی ہوئی انسانیت ،ہزاروں بچوں کی بھوک کی وجہ سے روزانہ اموات ،ادویات کی مہنگائی سے بزرگوں کی قبل از وقت اموات ،علاج کے فقدان سے لاکھوں مائوں کا دوران زچگی دم توڑ دینا ،بیروزگاری کی ذلت میں سلگتی جوانیاں ،غربت ننگ اور افلاس کی اندھی کھائی میں گری رعایا ،بجلی ،پانی اور دوسری سہولیات کی قلت سے مجروح زندگی پر ہونے والا بے ہودہ سیاسی مجرا اب عوام دیکھنے کے قابل نہیں رہے ،ظلم جبر ،لوٹ مار اور استحصال کرنے والوں کو اب اس زعم سے نکلنا ہوگا کہ ایسا سب کچھ چلتا رہے گا ،زمیں یوں ہی جامد رہے گی ،سورج ،چاند ،ستاروں کی گردش اُن کے اشاروں کی محتاج رہے گی ،نہیں اب ایسا نہیں ہوگا سماج میں رونما ہونے والے مظاہر کے اپنے اصول ہوتے ہیں جن کا اظہار کبھی کبھی غیر معمولی ہوا کرتا ہے،ماضی کے اندھیروں کی نحیف آوازوں کا شور بعض اوقات زیادہ اس لیے آتا ہے کیونکہ اُس وقت معاشرے میں سیاسی جمود کا ایک ہولناک سناٹا ہوتا ہے لیکن یہ زیادہ عرصہ پر محیط نہیں رہ سکتا ۔برداشت جب ٹوٹتی ہے تو حشر برپا ہوتا ہے ،سوچیں بدلتی ہیں ، شناخت بدلتی ہے ،حوصلے اور جراتیں جاگتی ہیں ۔
اِس دھرتی پر جہاں 78برسوں میں ہر آس ٹوٹی ،ہر اُمید پامال ہوئی ،لاتعداد مرتبہ میدانِ کارزار لگے، عوام اپنی حقیقی منزل سے محروم رہے، 23مارچ کو ایک نئے پاکستان کی بنیادیں استوار ہوئیں، جہاں محرومیاں ،مجبوریاں ،محتاجیاں ،ذلتیں ہمیشہ کیلئے ختم ہونے والی ہیں، انسانیت سرخرو ہونے والی ہے اور عمران کی قیادت میں ان ذلتوں کے باوجود عوام سچ پر کھڑے ہیں ،منظم ہیں کہ کسی بڑے طوفان کے پھوٹنے کے آثار اور علامات کو بہت کم لوگ محسوس کرتے ہیں ،سیاسی اور سماجی خاموشی میں گہرا شور بہت کم کانوں کو سنائی دیتا ہے مگر جب برداشت ٹوٹتی ہے تو حشر بر پا ہوتا ہے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں