وکیل قتل کیس،سپریم کورٹ کا عمران خان کو 9 اگست تک گرفتار نہ کرنے کا حکم
شیئر کریں
سپریم کورٹ نے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو 9 اگست تک گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی کوئٹہ میں وکیل قتل کے مقدمے سے نام نکالنے کی درخواست پر سماعت کی، عدالت عظمیٰ کی طلبی پر چیئرمین پی ٹی آئی وکلا کے ہمراہ سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے استفسار کیا کہ کس بنیاد پر آپ چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں؟ ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان نے جواب دیا کہ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے مطابق عمران خان کو شامل تفتیش کرنا چاہتے ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو کہیں کہ وہ تفتیشی افسرکے سامنے پیش ہوں۔تاہم عدالت نے پراسیکیوٹر بلوچستان کی چیئرمین پی ٹی آئی کو شامل تفتیش کرنے کی استدعا مسترد کردی، ساتھ ہی چیئرمین پی ٹی آئی کی کیس کو مزید لمبی تاریخ دینے کی استدعا بھی مسترد کردی۔جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل نے رپورٹ فائل کی ہے، ہمیں کچھ چیزیں دیکھنی ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کو آئندہ سماعت پر بھی پیش ہونا ہوگا، 2 ہفتے بعد کی تاریخ مناسب ہے، اس سے آگے نہیں جائیں گے۔