کراچی ،عیدالاضحی کے ایام میں کوروناضوابط کی کھلم کھلاخلا ف ورزیاں
شیئر کریں
اہلیان کراچی نے کرونا وائرس اور حکومت سندھ کی جانب سے وضع کردہ ایس او پیز کو خاطر میں لائے بغیر بھرپور طریقے سے عید الاضحی کا تہوار منایا،لاکھوں لوگوں نے مساجد،عیدگاہوں اور کھلے مقامات پر نماز عید ادا کی اس موقع پر سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کی کوئی زحمت نہیں کی گئی، جانوروں کی قربانی کے وقت بھی سرکاری احکامات مکمل طور پر نظر انداز کردیئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی نما ز عید الاضحی کے سینکڑوں مقامات پر اجتماعات ہوئے، حکومت سندھ کے محکمہ داخلہ نے کرونا کی وبا کے باعث عید سے قبل عوام الناس کے لئے بہت سے رہنما اصول وضع کئے تھے جن میں واضح طور پرہدایت کی گئی تھی نماز عید کے لئے مساجد اور عید گاہوں میں ایک سے زائد مرتبہ نماز کا اہتمام کیا جائے تاکہ کسی بھی مقام پر بہت زیادہ ہجوم اکھٹا نہ ہو، نمازیوں کے مساجد میں داخلے اور اخراج کے لئے زیادہ راستے رکھے جائیں، نمازی سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، خطبانماز عید کا خطبہ مختصر رکھیں، گھروں میں قربانی کے جانور ذبح کرنے سے گریز کیا جائے۔ حکومت سندھ کی ان واضح ہدایت پر کسی نے کان نہیں دھرا اور لوگوں نے سرکاری احکامات کی پرواہ کئے بغیر عید الاضحی کا تہوار اپنی مرضی سے منایا۔ عید کے موقع پر ساحلی تفریح گاہوں کو بند کردیا گیا تھا اور سی ویو کے ساحل پر لوگوں کو جانے کی اجازت نہیں تھی لیکن اس کے باوجود ہزاروں لوگ سی ویو کے قریب دو ردیا پہنچ گئے جہاں وہ سمندر کے دلکش نظاروں سے لطف اندوز ہوئے اور ناچ گانے کی محفلیں سجائیں۔کراچی کے ساحل سے متصل جگہ پر ہی عارضی تفریح گاہ پر کچھ لوگ گھڑ سواری بھی کرتے دیکھے گئے ۔ساحل پر شہریوں کو جا نے سے روکنے کے لیئے تو پولیس کے ناکے تھے مگر ساحل سے متصل کھلی جگہ پر بغیر ماسک اور ایس اوپیز کی خلاف ورزی کے ساتھ شہریوں کا رش انتظامیہ نظر انداز کرتی رہی۔عید قرباں پرقربانی کے جانور ذبح کرنے کے بعد اکثر لوگوں کی دلچسپی قربانی کے گوشت سے مزیدار کھانوں کی تیاری پر ہوتی ہے۔من پسند کھانے پکانے کی مشقت کے بجائے اگر باہر سے اپنی پسند کے کھانے تیار کرنے کی سہولت مل جائے تو کراچی والے قطار لگاکر اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں عید قرباں پر جانوروں کی قربانی کے بعد سب سے زیادہ دلچسپی گوشت سے بنے ذائقے دار کھانے بنوانے میں تھی شہر میں کرونا نے ہوٹل انڈسٹری کے کاروبار کو بری طرح متاثر کررکھا ہے۔اس سال فائیو اسٹار ہوٹلوں نے بھی یہ پیشکش کررکھی ہے کہ لوگ ان کے یہاں قربانی کے گوشت سے اپنی پسند کے کھانے اور بار بی کیو تیار کرالیں،اسی طرح شہر کے ہر علاقے میں ہوٹل اور ریسٹورنٹس بھی یہ سہولت فراہم کررہے ہیں، بہادر آباد، برنس روڈ، حسین آباد، لانڈھی، کورنگی اور کئی دوسرے علاقوں میں عارضی خیمہ ہوٹلز قائم ہوگئے ہیں جہاں قربانی کے گوشت سے باربی کیو اور کڑاھی وغیرہ بناکر دی جارہی ہے۔کراچی میں اوسطا تین سو سے پانچ سو روپے فی کلو معاوضے کی ادائیگی پر قربانی کے گوشت سے بار بی کیو ڈشز تیار کرائی جاسکتی ہیں رات گئے تک شہری اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہیں جب کہ سجی اور سالم بکرا پکوانے کے لئے ایک دن انتظار کرنا پڑتاہے۔ چاول بھرے سالم بکرے کے لئے سات سے آٹھ ہزار روپے لئے جارہے ہیں۔