اسلام آباد میں نیوی کلب کی تعمیرغیر قانونی قرار سیل کرنے کا حکم
شیئر کریں
ہائی کورٹ نے راول جھیل کنارے کلب سیل کرنے کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا۔تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں راول جھیل کنارے نیوی کلب کی تعمیر کو بادی النظر میں غیر قانونی قرار دے دیا اور اس حوالے سے تحریری حکمنامہ بھی جاری کیا ہے۔حکمنامے میں عدالت نے استفسار کرتے ہوئے کہا کہ کیا سی ڈی اے قوانین کا اطلاق صرف عام آدمی کے لیے ہے، طاقتور اور کمزور کے لیے الگ رویہ ناقابل برداشت ہے، قوانین پر عملداری نہ کرنے کے ذمہ دار سی ڈی اے چیئرمین اور بورڈ ممبران ہیں، کیوں نا سی ڈی اے چیئرمین اور بورڈ ممبران کے خلاف کاروائی کی جائے۔حکمنامے میں کہا گیا ہے کہ سی ڈی اے کے مطابق راول جھیل کنارے کلب کی الاٹمنٹ ہوئی نہ ہی تعمیر کی اجازت دی گئی، بادی النظر میں راول جھیل کنارے کلب کی تعمیر غیر قانونی ہے، وفاقی حکومت اور سی ڈی اے فوری طور پر کلب کو سیل کریں، اور سیکرٹری کابینہ نیوی کلب کا معاملہ آئندہ اجلاس میں کابینہ کے سامنے رکھیں۔