(ہوشیار خبردار )کراچی میں قربانی کے جانور چوری کرنیوالا گروہ سرگرم
شیئر کریں
شہر قائد میں عیدالاضحی کے موقع پرڈیڑھ ماہ میں قربانی کیلئے لائے گئے 53جانورچوری کرلیے گئے
نارتھ کراچی ،عزیز آباد یاسین آباد ، اورنگی ٹاؤن سے جانوروں میں 42بکرے اور 11گائے شامل
کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی میں جہاں اسٹریٹ کرائمز کے تعداد بڑھ رہی ہے وہیں عیدالاضحی کے موقع پرقربانی کیلئے لائے گئے 53جانورچوری کرلئے گئے۔کراچی میں اسٹریٹ کرائمز کے بعد عید قرباں قریب آتے ہی قربانی کے جانوروں کی لوٹ مارکا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے، اور شہر میں صرف ڈیڑھ ماہ میں قربانی کیلیے لائے گئے 53جانورچوری کرلئے گئے ہیں، چوری ہونے والے جانوروں میں 42بکرے 11گائے شامل ہیں۔نارتھ کراچی سیکٹر7 اے پلاٹ سے حمزہ سعید کے 40بکرے چوری ہوئے، اور عزیز آباد یاسین آباد سے دکان کا شٹر کاٹ کر 2بکرے چوری کرلئے گئے۔فرئیر تھانے کے قریب فلیٹ سے ساڑھے 3 لاکھ روپے مالیت کی گائے چوری کرلی گئی، گلشن اقبال بلاک 10اے گھر کے باہر بندھی گائے ملزمان گاڑی میں ڈال کر لے گئے، اورنگی ٹاؤن سے 7 ملزمان قربانی کے 4 جانور چوری لے اڑے، جب کہ اسی علاقے سے دکان میں بندھے قربانی کے 5جانور بھی چوری کرلیے گئے۔چوری ہونے والے قربانی کے جانوروں میں سے ایک بھی جانور پولیس برآمد نہیں کراسکی، تاہم گلشن اقبال سے چوری ہونے والا جانور مالک نے خود ڈھونڈ نکالا۔