میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
پی ٹی آئی قیادت کی اہم بیٹھک، جے یو آئی سے مل کر حکومت مخالف تحریک چلانے پر غور

پی ٹی آئی قیادت کی اہم بیٹھک، جے یو آئی سے مل کر حکومت مخالف تحریک چلانے پر غور

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۴ مئی ۲۰۲۴

شیئر کریں

پی ٹی آئی قیادت نے جے یو آئی کے ساتھ مل کر احتجاجی تحریک چلانے کے معاملے پر عمران خان سے مشاورت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، حتمی منظوری پر دونوں جماعتوں کی بااختیار کمیٹی بنائی جائے گی۔تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد پی ٹی آئی کی سینئر قیادت کا گزشتہ روز ایک مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ مولانا فضل الرحمان نے مذاکرات کیلئے بانی چیئرمین کی ضمانت کا مطالبہ کیا ہے ، مولانا فضل الرحمان کی جانب سے ایک نئے پلیٹ فارم سے نئی تحریک چلانے کا بھی مطالبہ سامنے آیا ہے ۔اجلاس میں مولانا فضل الرحمان سے مذاکرات پر بانی تحریک انصاف سے مشاورت پر اتفاق کیا گیا۔ذرائع تحریک انصاف کے مطابق احتجاجی تحریک کے لیے مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پی ٹی آئی با اختیار کمیٹی قائم کرنے کی بات ہوئی، بتایا گیا کہ مولانا نے مطالبہ کیا ہے کہ بانی تحریک انصاف سے مشاورت کر کے مکمل بااختیار کمیٹی کے نام دیے جائیں۔ذرائع نے بتایا کہ سربراہ جے یو آئی سے آئندہ ہفتے پھر ملاقات کی جائے گی، احتجاجی تحریک کو نئے سرے سے بھی شروع کرنے پر اہم گفتگو کی گئی۔ واضح رہے کہ ایک روز پیشتر مولانا فضل الرحمان سے ہونے والی ملاقات کے بعد یہ اہم ترین اجلاس اس لیے منعقد کیا گیا تھا کہ آئندہ کی حکمت عملی کے تمام ممکنہ خدوخال پر غور کر لیا جائے۔ پی ٹی آئی کے اندرونی ذرائع سے اشارے مل رہے ہیںکہ عمران خان ایک مرتبہ پھر عوامی تحریک کے لیے اپنی کمر کس رہے ہیں ۔ اور انتہائی منصوبہ بندی کے ساتھ میدان میں اُترنے اور ممکنہ نتائج کے لیے اپنی پارٹی کو تیار کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے نمائندہ وفد کی مولانا فضل الرحمان خان سے ملاقات بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے، تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عمران خان کو ملاقات کے نتائج سے آگاہ کرنے اور مولانا سے ملاقات میں سامنے آنی والی صورت حال کے حوالے سے اپنی بیٹھک میں مکمل غوروفکر کر لیا ہے۔ جس کے نتائج جلد سامنے آنے کی توقع کی جا رہی ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں