میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
متحدہ عرب امارات ، پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی

متحدہ عرب امارات ، پاکستان میں 10 ارب ڈالر سرمایہ کاری کی یقین دہانی

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۴ مئی ۲۰۲۴

شیئر کریں

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کرلیا۔اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے سرمایہ کاری کا وعدہ وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران کیا۔وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی یقین دہانی کروائی ہے ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے یو اے ای کے ساتھ آئی ٹی، قابل تجدید توانائی شعبے میں تعاون بڑھانے اور یو اے ای کے ساتھ سیاحت کے شعبے میں بھی تعاون بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم نے پاکستان میں توانائی، پورٹ آپریشنز میں یو اے ای کی سرمایہ کاری پر عملدرآمد، غذائی تحفظ، مواصلات، معدنیات، بینکنگ، مالیاتی سروسز شعبے میں بھی یو اے ای کی سرمایہ کاری پر عملدرآمد یقینی بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے صدر سے شیخ طحنون بن محمد النہیان اور شیخ حزہ بن سلطان النہیان کی وفات پر تعزیت کی۔نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی ملاقات میں موجود تھے۔دریں اثناء ابوظہبی میں آئی ٹی کمپنیوں کے درمیان شراکت داری پر راؤنڈ ٹیبل سیشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی ماہ میں آئی ٹی کے شعبے کیلئے سود مند اقدامات کیے ۔وزیراعظم نے کہا کہ کوشش ہے پاکستان میں بھی ڈیجیٹلائزیشن کا عمل تیزی سے مکمل ہو، یو اے ای کے ساتھ مل کر پاکستانی معیشت کو مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔ہم امارات سے قرض نہیں مشترکہ سرمایہ کاری چاہتے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ایک روز کے دورے پر متحدہ عرب امارات پہنچے ہیں۔اماراتی نائب صدر، نائب وزیراعظم اور صدارتی عدالت کے چیئرمین نے وزیراعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں