میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
فارم 45کے ہوتے ہوئے نئے الیکشن کی ضرورت نہیں،حافظ نعیم الرحمن

فارم 45کے ہوتے ہوئے نئے الیکشن کی ضرورت نہیں،حافظ نعیم الرحمن

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۴ مئی ۲۰۲۴

شیئر کریں

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے فارم 45کے ہوتے ہوئے نئے الیکشن کی ضرورت نہیں، جوڈیشل کمیشن بنے ، عوامی مینڈیٹ بحال ہو، تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ۔ دبئی لیکس کو دبایا جارہا ہے ، ملوث افراد منی ٹریل دیں، سپریم کورٹ، الیکشن کمیشن جواب طلبی کرے ، کونسا اخلاقی جواز ہے حکمران ٹولہ خود باہر دولت بھیجے اور ملک میں سرمایہ کاری کے بھاشن دے ۔ پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن پر حملہ کی مذمت کرتے ہیں، ایسے حربے ملک کے لیے نقصان دہ ہیں، سب کو آئینی پوزیشن پر واپس آنا پڑے گا، چادر چاردیواری کا تحفظ بحال ہونا چاہیے ۔ اسلام آباد میں غزہ کیمپ پر حملہ اور دوافراد کی شہادت میں ملوث شخص اور واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں۔ فلسطین میں جاری مظالم کے خلاف جاندارانہ موقف اپنانا پاکستان کی ذمہ داری ہے ، حکومت حماس کو اہل فلسطین کی جمہوری اور نمائندہ تنظیم کے طور پر تسلیم کرے ۔ منصورہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت حافظ نعیم الرحمن نے پنجاب میں تعلیم کی پرائیویٹائزیشن کے عمل کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولتوں کی فراہمی آئین پاکستان کے تحت ریاست کی ذمہ داری ہے ۔ ن لیگ گزشتہ چالیس برس سے حکومت میں ہے ، جواب دے کہ ایجوکیشن سیکٹر کی بہتری کے لیے کیا کام کیا۔ سندھ میں بھی سرکاری سکولوں کا برا حال ہے ، صوبہ میں بھتے ، قبضے جاری، ڈاکو راج قائم ہے ، سندھ کے کرپٹ سسٹم چلانے والوں کو اسلام آباد پہنچا دیا گیا۔ چچا اور بھتیجی کسانوں سے گندم خریدنے کا وعدہ کرکے مکر گئے ، سکولوں سے جان چھڑائی جارہی ہے ،اب طبقاتی نظام تعلیم کو مزید پروان چڑھایا جائے گا، انگریز چلے گئے ان کے شاگرد رہ گئے ، ایک زبان، ایک نظام، ایک نصاب ہر بچے کا حق ہے ۔ جماعت اسلامی قوم کے حق کے لیے لڑے گی۔جماعت اسلامی کے دفاتر کسانوں کے نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کریں گے ، حکومت پنجاب کی طرف سے اعلان کیا گیاکسان پیکج نمایشی ہے ، اس میں کرپشن نہیں ہونے دیں گے ، کسانوں کو حق دلائیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ حکمران ٹولہ اپنی عیاشیوں سے دستبردار ہونے کو تیار نہیں اور عوام کا خون نچوڑا جارہا ہے ، نت نئے ٹیکسز کی تجاویز آرہی ہیں، پنشنرز اور تنخواہ دار طبقے پرمزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں ہورہی ہیں ، جن سے ٹیکس لینا چاہیے انہیں کوئی نہیں پوچھتا، آئی ایم ایف کی جانب سے اب براہ راست اداروں کو ہدایات جاری ہونا شروع ہوگئی ہیں، آئی ایم ایف کی پالیسیوں کے نتیجہ میں معیشت کبھی بہتر نہیں ہوگی، یہ امریکہ کا ذیلی ادارہ ہے اور قوموں پر سامراجی ایجنڈااپنے ایجنٹوں کے ذریعہ نافذ کرنے اور انہیں غلام رکھنے کا ذریعہ ہے ۔سامراج کی نظر ملک کے ایٹمی پروگرام پر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے آئی پی پیز کے ظالمانہ معاہدے کیے اوربجلی کے ٹیرف کو آسمان پر پہنچا دیا،ستر فیصد سے زائد آئی پی پیز کمپنیوں کے مالکا ن پاکستان کی حکمران اشرافیہ ہے ، غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے اور حکمران مفت بجلی ، گیس پٹرول استعمال کرتے ہیں، رپورٹس کے مطابق ایک پرائیویٹ بجلی کمپنی نے ایک یونٹ بنائے بغیر پونے تین ارب کمائے ، ان ظالمانہ معاہدوں پر نظرثانی کی جائے ، جماعت اسلامی کی مجلس شوری کا اجلاس 25 مئی کو ہورہا ہے ، قومی پلان تشکیل دیں گے اور کرپٹ نظام کے خلاف ماس موبلائزیشن کی جائے گی۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں