کوروناکیسزمیں اضافہ ،وزیر اعلیٰ سندھ کا صوبے میںپابندیاں بڑھانے کا اعلان
شیئر کریں
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پابندیاں بڑھا رہے ہیں اور ایس او پیز میں نرمی نہیں کر سکتے۔کراچی ماہرین طب اور ڈاکٹروں کی نمائندوں تنظیموں کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ کورونا کی پہلی لہر پر ہم نے کامیابی سے قابو پایا، اب کورونا کی تیسری لہر سے نمٹ رہے ہیں، اسپتالوں میں دستیاب بیڈز تیزی کیساتھ بھر رہے ہیں، عید کے بعد مثبت کیسز کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے ، کراچی میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 13 فیصد سے زیادہ ہے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کورونا سے متعلق ٹاسک فورس میں مختلف اداروں کے نمائندے ہوتے ہیں، ہمیں ٹاسک فورس نے سختی سے کہا ہے کہ احتیاط کریں، ہمیں مزید سختی کرنی ہے ، ایس او پیز میں نرمی نہیں کر سکتے۔ کورونا کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر پابندیاں بڑھا رہے ہیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے بھر میں دکانیں 8 بجے کی بجائے شام 6 بجے تک کھلیں گی، صرف ادویات فروخت کرنے والی دکانیں کھلیں گی، خلاف ورزی پر عوام کے بجائے دکان کے خلاف ایکشن ہوگا، شاپنگ مالز اوراس میں قائم فارمیسیز بھی 6 بجے بند ہوں گی، ان ڈور اور آؤٹ ڈور ڈائنگ مکمل طور پر بند ہے، ٹیک اوے اور ہوم ڈیلیوری کھلی ہیں لیکن اس کا غلط استعمال نہ کیا جائے، ہر کسی قسم کی تقریبات کے انعقاد پر پابندی ہے، تفریحی مقامات، پارکس اور سینما ہالز اگلے دو ہفتوں کے لئے بند ہیں۔