چیئرمین سینیٹ بھی نہ پہنچ سکے ،حمزہ شہباز کی حلف برداری ایک بار پھر تاخیر کا شکار
شیئر کریں
نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی تقریبِ حلف برداری ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہوگئی۔ ان کے حلف کے لیے چیئرمین سینیٹ کو لانے کیلئے پنجاب حکومت کا طیارہ صبح سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر موجود ہے لیکن ایوانِ صدر سے ہدایات موصول نہ ہونے کی وجہ سے صادق سنجرانی لاہور نہ آسکے۔نجی ٹی وی کے مطابق پنجاب حکومت کا طیارہ صبح 10 بجے سے اسلام آباد ایئر پورٹ پر موجود ہے۔ یہ طیارہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو لینے گیا ہے تاکہ وہ لاہور آکر حمزہ شہباز سے وزارتِ اعلیٰ کا حلف لے سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایوانِ صدر کو لاہور ہائیکورٹ کا وہ حکم موصول ہوگیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کے معذوری ظاہر کرنے کے بعد صدرِ مملکت کسی اور کو حلف کیلئے مقرر کریں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کو تاحال ایوانِ صدر سے حلف کے حوالے سے کوئی ہدایات جاری نہیں ہوئیں جس کی وجہ سے وہ ابھی تک لاہور نہیں پہنچ سکے ہیں۔گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے سروسز ہسپتال میں داخل ہیں جب کہ گورنر ہاؤس میں حمزہ شہباز کے حلف کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین سینیٹ کے نہ آنے کی وجہ سے آج گورنر ہاؤس میں حلف برداری کی تقریب نہیں ہوسکی۔ اب ان کی حلف برداری کی تقریب پیر کو ہونے کا امکان ہے۔