لاک ڈائون کی خلاف ورزی ، تاجروں کی درخواست ضمانت مسترد
شیئر کریں
کراچی کی عدالت نے دکانیں کھولنے پر گرفتار ہونے والے 6 تاجروں کی درخواست ضمانت مسترد کر دی اورتاجروں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔ جمعرات کو نیپیئر پولیس نے گرفتار کراچی کے 6تاجر رہنما حماد پونا والا اور دیگر کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا،پیش کیے گئے ملزمان میں حماد پونا والا، محمد احسان، محمدخلیل، جاوید عبدالشکور، ملک عقیل اور فیصل حسن زئی شامل تھے ۔ تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ ملزمان پر لاک ڈائون کی خلاف ورزی، ہنگامہ آرائی، تشدد اور لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے جبکہ ملزمان کے وکلا کی جانب سے ضمانت کی درخواست کی گئی جس کو عدالت نے مسترد کرتے ہوئے تاجر رہنما سمیت 6 تاجروں کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو میں تاجر رہنمائوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومت کی لڑائی میں تاجر پس رہا ہے ، ایک کو منائیں تو دوسرا روٹھ جاتا ہے ، گورنر صاحب سے میٹنگ کے دوران سفارشات دینے پر ایک گھنٹے میں کاروبار کھولنے پر اتفاق ہوا تھا، ہم نے حکم کو مدنظر رکھتے ہوئے صرف ڈیمو کیا تھا، دیکھنا چاہتے تھے کہ ایس او پیز پر کس طرح عمل کیا جائے گا، تاجروں کو سہولیات دینے کے بجائے گرفتار کیا گیا، تاجر معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، خدارا تاجروں کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کیا جائے۔