ملیر سعود آباد سے 11 سال کی لڑکی اسکول سے واپسی پر لاپتا
شیئر کریں
کراچی کے علاقے ملیر سعود آباد سے 11سال کی لڑکی اسکول سے واپسی پر لاپتا ہوگئی۔اس حوالے سے لڑکی کی والدہ نے سوشل میڈیا پر بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ20مارچ کو میری بیٹی اسکول گئی اور واپس نہیں آئی۔لڑکی کی والدہ نے پولیس، چیف جسٹس اور حکام سے بیٹی کی بازیابی کی اپیل کی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ملیر ملت گاڑدن سے 11 سالہ لڑکی مبینہ طور پر لاپتا ہوگئی والدین نے تھانہ سعود آباد میں اغوا کی دفعہ پر مقدمہ درج کروادیا ہے ۔والدین نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ بیٹی اور ساڑھے تین سالہ بھتیجے کو صبح اسکول کے گیٹ پر چھوڑا تھا، بچوں کو اسکول چھوڑ کر آفس چلا گیا تھا۔والد کے مطابق پونے 12بجے گھر سے کال آئی کہ بیٹی گھر نہیں پہنچی ہے اسکول جاکر معلوم کیا تو ٹیچر نے بتایا کہ بیٹی چلی گئی ہے ۔لڑکی کے والد نے بتایاکہ عزیز و اقارب کے ساتھ مل کر تلاش کیا لیکن کچھ پتا نہیں چلا ہے ۔پولیس کو والد نے بتایا کہ معلوم ہوا بیٹی فون پر کسی سے بات کیا کرتی تھی، والد نے پولیس سے استدعا کی ہے کہ فون نمبر کو ٹریس کرکے کارروائی کی جائے ۔دوسری جانب پولیس حکام نے بتایاکہ بچی کی گمشدگی کے واقعے کا مقدمہ درج کرکے لڑکی کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔۔پولیس کے مطابق ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ لڑکی اسکول کے بعد کسی شخص کے ساتھ گئی ہے ۔پولیس حکام کے مطابق موٹرسائیکل پر مریم کو کسی شخص کے ساتھ جاتے دیکھا گیا ہے ۔پولیس حکام کے مطابق لڑکی کے اہلخانہ سے رابطے میں ہیں اور تفتیش جاری ہے ۔