حکومتی ٹیم کی ترین گروپ کو منانے کی کوششیں جاری
شیئر کریں
حکومتی ٹیم کی جانب سے جہانگیر ترین گروپ سے تعلق رکھنے والے اپنے ہی ناراض اراکین کو منانے کی کوششیں جاری ہیں ۔نجی ٹی وی کے مطابق ترین گروپ کو مائنس عثمان بزدار کے مطالبے سے دستبردار کروانے کے لیے حکومتی ٹیم میدان میں آ گئی۔پنجاب کے وزیرِ تعلیم مراد راس نے ترین گروپ کے نعمان لنگڑیال اور عبدالحئی دستی سے ملاقات کی، اس ملاقات میں ترین گروپ کے تحفظات اور شکایات پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ ترین گروپ کو ترقیاتی منصوبوں کے لیے فنڈز فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی۔ ڈاکٹر مراد راس کا ملاقات کے دوران وفاقی وزیر پرویز خٹک سے بھی رابطہ ہوا جس کے دوران ترین گروپ کے اراکین نے پرویز خٹک کو وفاقی محکموں کے حوالے سے تحفظات پر بھی آگاہ کیا۔ حکومتی اراکین کی ترین گروپ کو مائنس بزدار کے مطالبے سے دستبردار کروانے کی کوشش جاری ہے۔ترین گروپ نے کہا کہ جہانگیر ترین اور دوسرے اراکین کے مشورے کے بغیر کوئی قدم نہیں اٹھا سکتے۔ ترین گروپ اور حکومتی ٹیم کے درمیان 48گھنٹوں میں ایک اور ملاقات بھی متوقع ہے ۔