میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
عوام نے تعاون نہ کیا تو ساری محنت ضائع ہو جائیگی، بلاول بھٹو زرداری

عوام نے تعاون نہ کیا تو ساری محنت ضائع ہو جائیگی، بلاول بھٹو زرداری

ویب ڈیسک
منگل, ۲۴ مارچ ۲۰۲۰

شیئر کریں

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے وفاقی حکومت اپنے پورے زور کے ساتھ ہماری مدد کرے اور اس وائرس کا مقابلہ کرے ، عوام کی صحت اور زندگی کے لیے سندھ حکومت نے سخت فیصلے کئے ہیں۔ اپیل ہے لاک ڈائون کے فیصلہ پر سندھ حکومت سے تعاون کریں، لاک ڈائون کے دوران بیمار ہونے پر سندھ حکومت سے رابطہ کریں ۔ راشن نہ ہونے پر رابطہ کریں ، حکومت کی جانب سے راشن پہنچایا جائے گا۔ سندھ حکومت عوام کو ریلیف پہنچانے کے اقدامات کر رہی ہے ، اگر عوام ہمارے ساتھ تعاون نہیں کرتی اور 14دن کے لیے گھر نہیں رہتی تو ہماری پوری محنت ضائع ہو جائے گی اور پاکستان کی زیادہ عوام بیمارہوجائے گی اور خدانخواستہ زیادہ لوگ فوت ہوجائیں گے ، یہ ہم برداشت نہیں کرسکتے ۔ میں عوام سے اپیل کرتاہوں کہ وہ سندھ حکومت سے تعاون کریں ،اپنے گھروں میں رہیں اور صحت اور جان کا تحفظ کریں۔ ان خیالات کا اظہار بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ویڈیو بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سب سے اہم ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عوام کی صحت اور زندگی کاتحفظ کرے ۔ اس وقت جب پوری دنیا میں کورونا وائرس کی بیماری پھیل رہی ہے ، کورونا وائرس کی وجہ سے لوگ بیمار ہو رہے ہیں اور کوروناوائرس کی وجہ سے لوگ وفات پارہے ہیں اور کوروناوائرس کا نہ کوئی علاج ہے اور نہ کوئی ویکسین ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت نے مشکل اور سخت فیصلے کئے ہیں تاکہ ہم عوام کی جان اور صحت کا تحفظ کر سکیں اور اس بیماری کا پھیلائو روک سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے لاک ڈائون کے فیصلہ کے ساتھ تعاون کریں اور اس دوران اگر آپ بیمارہوتے ہیں تو سندھ حکومت سے رابطہ کریں تاکہ ہم آپ کا ٹیسٹ کروائیںاور آپ کی صحت کا خیال بھی رکھیں، میں جانتا ہوں کہ بہت سے لوگ پریشان ہوں گے کہ ہم کیسے اس مشکل وقت میں گزارا کریں ۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی کو راشن کی ضرورت ہے تو سندھ حکومت کوشش کرے گی کہ آپ کو راشن پہنچائیں اور آپ ضرور رابطہ کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مخیر حضرات بھی تعاون کریں تاکہ ہم اپنے غریب عوام کا خیال رکھ سکیں۔ا ن کا کہنا تھا کہ میں جانتا ہوں کہ ہمارا نوکری پیشہ طبقہ پریشان ہو گا کہ کیا وہ اس بحران کے دوران بیروزگار تو نہیں ہوں گے ، سندھ حکومت نے نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے کہ کوئی بھی اس وقت نہ کسی کو بیروزگار کرسکتا ہے اوران کو پوری تنخواہ بھی دینا پڑے گی۔ اگر آ پ کے مالکان سندھ حکومت کے فیصلہ پر عمل نہیں کررہے ہیں تو آپ ضرور سندھ حکومت سے رابطہ کریں اور میں مالکان سے بھی اپیل کرتا ہوں کہ یہ مشکل وقت ہے ہم سب نے مل کر اس کا مقابلہ کرنا ہے اور اگر آپ اپنے ملازمین کو بیروزگار نہیں کرتے ہیں اور انہیں تنخواہ بھی دیتے ہیں تو ہم اس مشکل وقت سے نکلنے کے بعد آپ کے نقصان کی تلافی بھی کریں گے ۔ سندھ حکومت اس وقت بہت سے ایسے فیصلے کر رہی ہے جس سے عوام کو ریلیف پہنچایاجاسکے او ر ساتھ ، ساتھ ہم مطالبہ کررہے ہیں کہ وفاقی حکومت اپنے پورے زور کے ساتھ ہماری مدد کرے اور اس وائرس کا مقابلہ کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم سب پاکستانی ایک ہو کر کوروناوائرس کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں