ذیشان ذکی کا سلیم ذکی کی املاک پر غیر قانونی قبضہ
شیئر کریں
صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے مالک ذیشان ذکی نے معروف کاروباری شخصیت سلیم ذکی کے شروع کیے گئے منصوبوں کی پارٹنرشپ ڈیڈ تبدیل کردی اور غیر قانونی طور پر سلیم ذکی کی تمام املاک پر قبضہ کرلیا، سلیم ذکی کی بیوہ نسیمہ خاتوں، بیٹے احسن سلیم ذکی اور محسن سلیم ذکی نے عدالت میں درخواست دائر کردی۔ جرأت کی خصوصی رپورٹ کے مطابق صائمہ بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے بانی، کراچی کی معروف کاروباری شخصیت سلیم ذکی کی بیوہ نسیمہ خاتون، بیٹوں احسن سلیم ذکی اور محسن سلیم ذکی نے والد کی رہائشی اور کمرشل اسکیموں، بینک اکائونٹس میں موجود رقوم ، پلاٹس، زمینوں ، پرائیز بانڈز، گاڑیوں اور دیگر املاک میں حصہ نہ ملنے پر سندھ ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی ہے، دائر کی گئی درخواست میں نسیمہ خاتون، احسن سلیم ذکی اور محسن سلیم ذکی نے موقف اختیار کیا ہے کہ ذیشان ذکی نے مذموم مقاصد اور غیر قانونی عزائم رکھتے ہوئے صائمہ بلڈرز کے بانی سلیم ذکی کے صائمہ کے نام سے شروع کئے گئے تمام جاری منصوبوں کی پارٹنرشپ ڈیڈگزشتہ تاریخوں میں تبدیل کروادیں ، پارٹنرشپ ڈیڈ صائمہ بلڈرز کے بانی سلیم ذکی کے وفات کی تاریخ 6 ؍نومبر 2018 کو تبدیل کی گئی ، صائمہ بلڈرز کے جاری منصوبوں میں صائمہ عربین ولاز ایکسٹینشن ون، صائمہ عربین ولاز ایکسٹینشن ٹو، صائمہ عربین ولاز ایکسٹینشن تھری، صائمہ ولاز، صائمہ پریزیڈنسی، صائمہ جناح آئیکون، صائمہ لگژری ہومز، صائمہ ایلیٹ ولاز، صائمہ ریزیڈنشیا، صائمہ گرینز، صائمہ میڈوز، صائمہ ڈیفنس مال اینڈ ریزیڈنسی،صائمہ ایکسی لینسی، صائمہ ٹائون ریزیڈنس، صائمہ پری اسٹار، صائمہ پری فلاور، صائمہ پری گلوریئس، صائمہ پری ایوینیو، صائمہ پی ایس ریزیڈنسی، صائمہ پریمیم کارنر، صائمہ میڈوز لگزیریا، صائمہ پری کلاسک اور دیگر رہائشی اور کمرشل منصوبے شامل ہیں۔ سلیم ذکی کی بیوہ نسیمہ خاتون، احسن سلیم ذکی اور محسن سلیم ذکی نے درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کی ذیشان ذکی نے گزشتہ تاریخوں میں سلیم ذکی کے تمام جاری منصوبوں کی پارٹنرشپ تبدیل کروانے کے بعد سلیم ذکی کی تمام املاک پر قبضہ کرلیا ہے اور نسیمہ خاتون، احسن سلیم ذکی اور محسن سلیم ذکی کو املاک کا جائز حصہ دینے سے انکاری ہیں۔