80فیصد پاکستانی ڈاکٹرز کے طبی اور صحت کے مشوروں پر اعتماد کرتے ہیں،گیلپ
شیئر کریں
گیلپ اینڈ گیلانی پاکستان کے ایک حالیہ سروے کے مطابق 80فیصد پاکستانی ڈاکٹروں کے طبی اور صحت کے مشوروں پر اعتماد کرتے ہیں۔ صحت سے متعلق مشوروں کے حوالے سے لوگ میڈیا پر سب سے کم اعتماد کرتے ہیں۔ سروے میں ملک بھر سے شماریاتی طور پر منتخب خواتین و حضرات سے یہ سوال پوچھا گیا تھا کہ برائے مہربانی بتائیں کہ آپ مندرجہ ذیل لوگوں کی جانب سے دیئے جانے والے طبی اور صحت کے مشوروں پر کس حد تک اعتماد کرتے ہیں؟ اس سوال کے جواب میں 80 فیصد جوابدہندگان کے مطابق وہ طبی اور صحت کے مشوروں کے حوالے سے میڈیکل پروفیشنلز/ڈاکٹروں پر بہت زیادہ اور کسی حد تک اعتماد کرتے ہیں۔ 77 فیصد جوابدہندگان کے مطابق وہ خاندان کے لوگوں اور دوستوں پر بہت زیادہ اور کسی حد تک اعتماد کرتے ہیں۔ 58 فیصد جوابدہندگان کے مطابق وہ وفاقی حکومت پر بہت زیادہ اور کسی حد تک اعتماد کرتے ہیں جبکہ 52 فیصد جوابدہندگان کے مطابق وہ طبی اور صحت کے مشوروں کے حوالے سے میڈیا پر بہت زیادہ اور کسی حد تک اعتماد کرتے ہیں۔ عام طور پر 30 سال سے کم عمر رکھنے والے افراد تمام چاروں اختیارات پر کم اعتماد کرتے ہیں جو کہ نوجوان نسل میں اعتماد کی کمی کو ظاہر کرتے ہیں۔ گیلانی ریسرچ فاؤنڈیشن کا حالیہ سروے گیلپ انٹرنیشنل سے منسلک گیلپ اور گیلانی پاکستان کی مدد سے کیا گیا۔ یہ سروے پاکستان کے چاروں صوبوں کی دیہی و شہری آبادی کے 1080 مرد و خواتین سے 24 دسمبر تا 15 جنوری 2021ء میں منعقد ہوا۔ غلطی کے امکان کا تخمینہ شماریاتی طور پر 95 فیصد اعتماد کے ساتھ تقریباً تین فیصد لگایا گیا ہے ۔ اس سروے میں ڈیٹا اکٹھا کرنے کا طریقہ فون انٹرویو تھا۔ جواب دہندگان کا تعلق پاکستان کے 100 سے زائد اضلاع سے ہے ۔