میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بجلی کے ترسیلی نظام میں ہیکنگ کے ذریعے بیرونی مداخلت کا شبہہ

بجلی کے ترسیلی نظام میں ہیکنگ کے ذریعے بیرونی مداخلت کا شبہہ

ویب ڈیسک
منگل, ۲۴ جنوری ۲۰۲۳

شیئر کریں

ملک بھر میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کے بعد کراچی، کوئٹہ اور لاہور سمیت بڑے شہروں کے کئی علاقوں میں بجلی بحال نہ ہوسکی تاہم حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ ملک کے تمام گرڈ اسٹیشنز مکمل فعال کردئیے گئے ہیں۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ کئی گھنٹے بجلی معطل رہنے کے بعد تمام گرڈ اسٹیشنز مکمل فعال کردئیے گئے ہیں، بحالی کیلئے میں نیشنل ٹرانسمیشن ڈسپیچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) اور پاور ڈویڑن کو سراہنا چاہتا ہوں، وزیر پانی اور چیئرمین واپڈا نے بھی ہمارے ساتھ تعاون کیا۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز صبح ساڑھے 7 بجے ہمیں ایک تکنیکی مسئلے کا سامنا ہوا کہ ہمارے شمال اور جنوب کی ٹرانسمیشن لائن میں وولٹیج کا اتار چڑھائو ہوا جس کی مخصوص وجہ ہمیں تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔خرم دستگیر نے بتایاکہ سوا 5 بجے پاکستان میں بجلی کا ترسیلی نظام مکمل طور پر بحال ہوچکا ہے تاہم کراچی اور چشمہ میں موجود جوہری پلانٹس کو بحال ہونے میں 48 سے 72 گھنٹے درکار ہیں، اسی طرح کوئلے کے پلانٹس کو بھی 48 گھنٹے درکار ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وجہ سے آئندہ 48 گھنٹوں کے دوران ملک میں بجلی کی کمی رہے گی اور محدود پیمانے پر لوڈشیڈنگ ہوگی جس سے صنعتی صارفین مستثنیٰ ہیں۔وفاقی وزیر توانائی نے کہا کہ گزشتہ روز ہونے والے بریک ڈائون سے ہمارا بجلی کا ترسیلی نظام محفوظ رہا، اس میں کسی قسم کے نقصان کی اطلاعات ہمیں موصول نہیں ہوئیں، اسی لیے بحالی کے عمل میں کوئی رکاوٹ نہیں ہوئی، یہ بھی واضح ہونا چاہیے کہ ملک میں ایندھن کی کوئی کمی نہیں ہے، پرسوں تک ان شا اللہ سب کچھ مکمل طور پر بحال ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ خدشہ ابھی دور کرنا باقی ہے ہیکنگ وغیرہ کے ذریعے ہمارے بجلی کے ترسیلی نظام میں کوئی بیرونی مداخلت نہ کی گئی ہو، اس کے امکانات بہت کم ہیں تاہم گزشتہ چند روز میں ایسے کچھ واقعات ہوئے جس کی وجہ سے ہم اس امکان کو مسترد نہیں کرسکتے۔انہوںنے کہاکہ معمول کی لوڈشیڈنگ جاری رہے گی، اب دوبارہ اگر صارفین کو تعطل کا سامنا ہوا تو اس کی وجہ بریک ڈائون نہیں لوڈ شیڈنگ ہی ہوگی۔قبل ازیں ترجمان کیالیکٹرک عمران رانا نے بتایا تھا کہ بجلی کے ترسیلی نظام سے پاور سپلائی بہتری کی جانب گامزن ہے، کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی بحالی کا عمل بتدریج آگے بڑھا ہے۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ بلدیہ، گلستان جوہر ، گلشن، کلفٹن سمیت اورنگی ٹاون، قیوم آباد اور کوئینز روڈ سے منسلک علاقوں میں بجلی بحال کردی گئی ۔ٹوئٹ کے مطابق ائیرپورٹ، عزیز آباد، سوک سینٹر، ڈیفنس، گزری، ایف بی ایریا کے مختلف علاقوں میں بھی بجلی بحال ہے، گلشن، جیکب لائن، کورنگی، لانڈھی اور قیوم آباد سے منسلک علاقوں میں بھی بجلی بحال کی جا رہی ہے۔ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ اسٹریٹجک تنصیبات پر بجلی پہنچانا ترجیحات میں شامل ہے، نیشنل گرڈ سے بجلی کی مکمل بحالی کے لیے این ٹی ڈی سی حکام سے مستقل رابطے میں ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں