میگا منی لانڈرنگ کیس،آصف زرداری کی ضمانت قبل از گرفتاری کی تیاریاں
شیئر کریں
میگا منی لانڈرنگ کیس میں پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے جب کہ آصف زرداری کی قانونی ٹیم نے نیب کے کال اپ نوٹس پر فورا ہائی کورٹ سے ضمانت قبل از وقت گرفتاری کرانے سے متعلق کام بھی شروع کردیا ہے۔پیپلز پارٹی نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر مشاورت مکمل کرلی ہے۔ اسی مشاورت کی روشنی میں پیپلز پارٹی نے سپریم کورٹ میں نظر ثانی درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے نظرثانی درخواست تیار کرنے کے لیے قانونی ماہرین کو اجازت دے دی ہے، نظر ثانی درخواست کے مجوزہ مسودے میں نیب تفتیش اور ریفرنس اسلام آباد منتقل کرنے کے فیصلے پر نظر ثانی کی استدعا کی جائے گی۔ درخواست میں موقف اپنایا جائے گا کہ جے آئی ٹی نے بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا بیان قلمبند ہی نہیں کیا۔ منی لانڈرنگ سے متعلق جے آئی ٹی کو کالعدم قرار دیا جائے۔ منی لانڈرنگ کیس کا ٹرائل کراچی میں جاری رکھنے کا حکم دیا جائے۔دوسری جانب پیپلز پارٹی نے میگا منی لانڈرنگ کے نئے ریفرنسز سے نمٹنے کے لیے بھی کمر کس لی ہے۔ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے نیب گرفتاریوں سے بچنے کے لیے قانونی ٹیم سے طویل مشاورت کی ہے۔
جس میں آصف زرداری سمیت دیگر اعلیٰ قیادت کی ضمانتیں کرانے کے آپشن پر غور کیا گیا۔مشاورت کی روشنی میں نیب کے کال اپ نوٹس پر فوراًہائی کورٹ سے ضمانت قبل از وقت گرفتاری کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ پہلے مرحلے میں آصف زرداری اور فریال تالپور کی ضمانتیں کرانے کی کوشش کی جائے گی۔ آصف زرداری کی قانونی ٹیم کی جانب سے سندھ یا اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست ضمانت دائر کی جائے گی، اس کے لیے سابق صدر کی قانونی ٹیم نے کام بھی شروع کردیا ہے۔