وزیرخزانہ 2025کیلئے ایک واضح اور قابل عمل روڈ میپ کا اعلان کریں:پاکستان بزنس فورم
شیئر کریں
اسلام آباد:مرکزی صدر پاکستان بزنس فورم خواجہ محبوب الرحمن نے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے سال 2025 کیلئے ایک واضح اور قابل عمل روڈ میپ کا اعلان کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ صدر پی بی ایف کی طرف سے لکھے گئے خط میں فورم نے معاشی مشکلات پر سوالات اٹھا دئیے اور کہا کہ سال 2024 بزنس کمیونٹی اور عوام کیلئے مشکل ترین سال رہا۔
صدر پی بی ایف نے کہاکہ بجلی کے بلوں اور شرح سود نے بزنس کمیونٹی کو جکڑے رکھا۔آئی ایم ایف کے ایک اور پروگرام کے باوجود پاکستانی روپیہ 2024 میں مضبوط ہونے میں ناکام رہا اس وقت پاکستان کاروبار فرینڈلی ملک نہیں رہا-
سب کو مل کر بیٹھنے کی ضرورت ہے، ضروری ہے کہ حکومت روپے کو مضبوط کرنے کے لیے فوری اور فیصلہ کن اقدامات کرے،پاکستان بزنس فورم سمجھتا ہے کہ ملک کو چارٹر آف اکانومی کی تشکیل کی فوری ضرورت ہے جسے وسیع سیاسی اتفاق رائے اور سول سوسائٹی کی حمایت حاصل ہو تاکہ عوامی اخراجات، ٹیکس کی شرح اور مالیاتی استحکام جیسے مسائل پر وسیع البنیاد سیاسی معاہدے کے ساتھ چارٹر آف اکانومی تیار کیا جانا چاہیے۔
انھوں نے کہاکہ تمام بڑی سیاسی جماعتوں کے مفاد میں ہے کہ وہ اکٹھے ہوں اور قوم کی بہتری کے لیے ان پالیسیوں پر اتفاق رائے پیدا کریں۔
انھوں نے مزید کہا کہ اس وقت یہ بہت ضروری ہے کہ نجی شعبے کی ترقی کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے، معاشی بحالی کو آگے بڑھانے اور تمام پاکستانیوں کے لیے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے حکومت کی طرف سے ایک جامع حکمت عملی وضع کی جائے۔