افغان مذاکرات کی بحالی اور ڈاکٹر’’ ناکا مورا‘‘ کا قتل (جلال نُورزئی)
شیئر کریں
افغانستان میں مقیم جاپانی شہری ’’ناکا مورا ‘‘کے ہدفی قتل جیسے واقعات طالبان کے خلاف واشنگٹن، ان کی ز یر ِدست و کفالت کابل رجیم یا وہاں موجود بھارتی لابی استعمال کرنے سے فرق پڑھنے والا نہیں۔ عقلِ سلیم رکھنے والے با خبر لوگ اور دنیا اب افغانستان کے حالات اور طالبان کی تحریک کے اعلیٰ و جائز مقاصد و اہداف سے آگاہ ہوچکی ہے۔ خود طالبان ان بے سرو پا ابلاغی پروپیگنڈے سے مرعوب ہوئے ہیں نہ ایک لمحہ اپنے مقصد سے پیچھے ہٹے ہیں۔ یہ تو امریکی صدر ڈونلڈٹرمپ نے اُلٹی زقند لگا کر وقت کا ضیاع کیا ۔اور غیر ضروری برہمی دکھا کر مذاکرات ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ اس اعلان کے لیے 5ستمبر 2019 ء کو کابل میں نیٹو قافلے پر فدائی حملے کو بنایا گیا جس میں ایک امریکی اور رومانیہ کے ایک سپاہی سمیت دس افراد جان سے چلے گئے تھے یعنی اکثریت کابل انتظامیہ کے خصوصی دستے سے تھے ۔ ظاہر ہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان جنگ بندی نہ تھی ۔اوریقینا اس سے کئی زیادہ حملے امریکی و نیٹو افواج افغانستان کے مختلف مقامات پر کر کے طالبان اور کئی افغان شہریوں کو نشانہ بنا چکی تھیں ۔ بلا شبہ قابض خارجی افواج اب بھی حملوں سے گریزاں نہیں ہیں ۔
تو پھر افغان کیسے قابضین کے خلاف اپنی عملیات روکیں گے۔ گویا ٹرمپ نے وقت ضائع کیا ،حالاں کہ ان کے ملک اور طالبان کے درمیان امن معاہدے کے مسودے پر اتفاق رائے ہوچکا تھا ۔نیز اُنہی دنوں طالبان کی سیاسی قیادت کی امریکی صدر کے کیمپ آفس ،کیمپ ڈیوڈ میں ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملا قات بھی طے تھی ۔ بہر حال طالبان اس عرصہ بھی غیر ملکیوں کے خلاف حربی و سیاسی مزاحمت کے ساتھ سفارت کاری کے میدان میں بھی متحرک رہے ہیں ۔سترہ ستمبر کو تہران پھر ماسکو، 22ستمبر کو بیجنگ وفد گیا۔ وہاں افغانستان کے لیے چین کے خصوسی نمائندے’’ ڈین شیجو ‘‘سے ملاقات کی ۔ چین کے شہر شنگھائی کا دورہ بھی کیا۔ ما بعد3اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کیا۔ سیاسی دفتر کے بعض رہنمائوں نے کوئٹہ کا دورہ بھی کیا۔ چناں چہ 28نومبر2019ء کو امریکی صڈر ڈونلڈ ٹرمپ بہت ہی محتاط و پُر اسرار طور افغانستان کے بگرام فوجی اڈے پہنچ گئے۔ اس دورے کی جمہوریت ، آزادی اور قومی و ملی خود مختاری کی دعویدار کابل انتظامیہ کے سربراہ اشرف غنی کو بھی علم نہ تھا۔ اشرف غنی سورہے تھے کہ انہیں امریکی کمانڈر نے فون پر مطلع کیا کہ اہم شخصیت بگرام اڈے پر ان سے ملاقات کرنا چاہتی ہے یعنی جب وہ بگرام فوجی اڈے پہنچے تو انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وہاں موجود پایا۔گویا امریکا کے قومی تہوار یوم تشکر (Thanks Giving) کے موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی قوم اور افواج کو مذاکرات کی دوبارہ بحالی کا عندیہ دیا۔ جس کے بعد 7دسمبر2019 ء کو دوحہ میں مذاکرات کی بیٹھک دوبارہ سج گئی۔
افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خوصوصی زلمئی خلیل زاد نے دوحہ میں طالبان وفد سے ملاقات کی ۔ یعنی بات چیت کا آغاز وہیں سے ہوا جہاں ختم ہوا تھا ۔ قطر کے سیاسی دفتر کے سربراہ ملا عبدالغنی المعروف ملا بردار ہیں ۔ ان کے ساتھ ٹیم میں مولوی محمد نبی عمری، عبدالحق وثیق، ملا فاضل ،مولوی خیر اللہ خیر خواہ، مولوی مطیع الحق خالص، مولوی امیر خان متقی ، ملا عبدالسلام حنفی، ضیاء الرحمان مدنی، شیخ شہاب الدین دلاور، شیخ عبدالرسول ، نبراس الحق عزیز شامل ہیں۔افغانستان کے معروف حریت پسند رہنما مولوی جلال الدین حقانی کا بیٹا انس حقانی بھی قطر ٹیم کا حصہ بن گئے۔ جنہیں طالبان کی قید میں کابل کویونیورسٹی کے ایک امریکی پروفیسر ’’کیون کنگ‘‘ اور آسٹریلوی پروفیسر’’ ٹموتھی ویکس‘‘ کی رہائی کے بدلے 19 نومبر کوبگرام جیل سے رہا کیا گیا ۔
طالبان امریکا مذاکرات کا منطقی نتیجہ پر پہنچنا یقینی ہے ۔ یہ لمحہ کابل رجیم اور بھارت کے لیے سیاہ ہوگا ۔جس کے بعد ان کے لیے مزید گنجائش نہیں ر ہے گی۔خوشہ چینوں کے منفی،سازشی اور تخریبی حربے لا حاصل ثابت ہو رہے ہیں ۔اس زیل میںپچھلے دنوں(3دسمبر2019)کو افغانستان کے صوبے ننگر ہار کے شہر جلال آباد میں جاپانی شہری ڈاکٹر ناکا مورا کا پانچ افغان باشندوں سمیت بہیمانہ قتل ہوا۔ یہ شخص1984ء سے افغان عوام کی خدمت کرتا چلا آرہا تھا۔پاکستان کے افغان مہاجر کیمپوں میں کوڑھ کی بیماری میں مبتلا لوگوں کا علاج کیا۔افغانستان کے اندر زراعت کی بہتری اور دوسرے رفاعی کاموں میں سرگرم تھا۔ طالبان بارے بہت اچھی رائے رکھتے تھے ۔ امریکی حملے کے مخالف تھے۔حزب اسلامی افغانستان نے’’ قتل ذلیل حرکت ،افغانی غیرت کے منافی عمل اور قرار دیا کہ یہ ان لوگوں کا کام ہے جو بے گانوں کی خدمت میں لگے ہوئے ہیں۔اور یہ کام ایک شریف ،باوقار ،باایمان ،مہمان نواز اور احسان مند افغان کا نہیں ہو سکتا ‘‘ ۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے فوری اس الزام کو رد کیا ۔ طالبان ان کی افغانستان میں تعمیر نو کے لیے خدمات اور ان سے تعلقات کے معترف ہیں۔
بلکہ7دسمبر2019ء کو مزید وضاحت کی کہ’’ وہ ان تمام رفاعی اداروں کی کاوشوں کو سراہتے ہیں ،جن کا مشن افغان مظلوم عوام کے ساتھ تعاون اور ان کی خدمت کرنا ہے۔ اور فلاحی اداروں کے لیے باقاعدہ ایک خصوصی کمیشن تشکیل دیا ہے جو ان رفاعی داروں کے ساتھ تعاون کررہا ہے ۔ تاکہ ان کے ذریعے اپنے عوام کی خدمت کرسکیں جو ممالک ، ادارے اور شخصیات بلا عیوض اور بغیر کسی غرض کے افغان عوام کے ساتھ تعاون کررہی ہیں، نہ صرف حمایت بلکہ حفاظت بھی کرتے ہیں‘‘۔ ڈاکٹر ’’ناکامورا‘‘ کے قتل کا سوال طالبان نے کابل انتظامیہ کے سامنے اُٹھایا ہے ۔ دراصل واقعہ کے لیے جوابدہ بھی کابل انتظامیہ ہے ۔ کیوں کہ دو گاڑیوں میں سوار مسلح افراد نے ڈاکٹر ناکامورا کو کابل رجیم کی سیکورٹی اورر انٹیلی جنس اہلکاروں کے قریب ہی حملہ کیا ۔ حیرت ہے کہ افغانستان کے ساتھ پاکستان کے سامراج نواز سیاسی ، لکھاری ،ادیب و دانشور حلقوں نے بھی اپنے امریکی و بھارتی مربین کی رضا و خوشنودی کی خاطر طالبان کو مورد الزام ٹھرانے کی مکروہ سعی کی ۔ گویا ان خوشہ چینوںکے لغوپروپیگنڈے کا یہ وار بھی خطا ہوگیا۔ یقینا طالبان امریکا مذاکرات کی بحالی نے سامراج کے ان کاسہ لیسوں کے دن رات کا سکون غارت کردیا ہوگا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔