دہشت گردوںکو پناہ دینے سے پاکستان کو بہت کچھ کھونا پڑے گا،امریکا کی نئی دھمکی
شیئر کریں
کابل(مانیٹرنگ ڈیسک/ایجنسیاں)امریکی نائب صدر مائیک پنس نے پاکستان کو نئی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے پر پاکستان کو بہت نقصان اٹھانا پڑے گا۔مائیک پینس نے کہاہے کہ دہشت گردوں اور مجرموں کو پناہ دینے سے پاکستان کو بہت کچھ کھونا پڑے گا، لیکن امریکا کی شراکت داری سے پاکستان کو بہت کچھ حاصل ہوگا۔ یقین ہے کہ ہم افغانستان میں فتح سے زیادہ قریب ہوگئے ہیں۔ امریکا کو درپیش خطرے کے خاتمے تک امریکی فورسز افغانستان میں رہیں گی،غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق نائب امریکی صدرمائیک پینس گذشتہ رات افغانستان کے غیر اعلانیہ دورہ پر بگرام ایئربیس پہنچے، جہاں سے وہ بذریعہ ہیلی کاپٹر کابل گئے اور صدارتی محل میں افغان صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ سے ملاقات کی۔مائیک پینس نے افغان رہنماؤں کو بتایا کہ ان کی یہاں موجودگی اس بات کا ثبوت ہے کہ امریکا یہاں کی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔امریکی نائب صدر مائیک پینس نے افغان صدر سے ملاقات کے حوالے سے میڈیا کو بتایاکہ یقین ہے کہ ہم افغانستان میں فتح سے زیادہ قریب ہوگئے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو درپیش خطرے کے خاتمے تک امریکی فورسز افغانستان میں رہیں گی۔اس موقع پر پاکستان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک پینس نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جیسا لب ولہجہ اپنایا اور کہا کہ دہشت گردوں کو پناہ دینے کے دن ختم ہوگئے، پاکستان کو امریکا کی شراکت داری سے بہت کچھ حاصل ہوگا، لیکن دہشت گردوں اور مجرموں کو پناہ دینے سے بہت کچھ کھونا پڑے گا۔اس موقع پر افغان صدر اشرف غنی نے امریکی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ افغانستان کی امریکا کے ساتھ شراکت داری میں بہت سی قربانیاں بھی شامل ہیں۔