سرحد پار سے افغان دہشت گردوںکا حملہ، 3 ایف سی اہلکار شہید
شیئر کریں
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک/ ایجنسیاں)مہمند ایجنسی میں افغان سرحد سے آنے والے دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے 3 ایف سی اہلکاروں کو شہید کردیا جوابی فائرنگ میں 5 دہشت گرد بھی مارے گئے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مہمند ایجنسی کے علاقے شنکرائی میں پاک افغان سرحد کے قریب ایف سی اہلکار نئی سرحدی چوکی تعمیر کرنے میں مصروف تھے کہ افغان سرحد پار سے آنے والے دہشت گردوں نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جوابی فائرنگ سے 5 دہشت گرد بھی مارے گئے، جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے، دہشت گردوں کو اپنے مارے گئے ساتھیوں کی نعشیں اٹھا کر فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کو افغانستان کی جانب سے افغان فورسز کی صلاحیت میں کمی اور بدانتظامی کی قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے۔