پی ٹی آئی احتجاج، صوبوں سے 30ہزار پولیس ، ایف سی اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے
شیئر کریں
پاکستان تحریک انصاف کے 24نومبر کے احتجاج کو روکنے کے لیے پنجاب، سندھ سمیت دیگر صوبوں سے ایف سی سمیت 30 ہزار پولیس اہلکار اسلام آباد پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے دیگر صوبوں سے آنیوالی پولیس کی نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے ۔ پنجاب سے 19ہزار اہلکار و افسران جبکہ سندھ پولیس کی 5 ہزار نفری اسلام آباد پہنچ گئی ہے ۔اس کے علاوہ ایف سی کی 5 ہزار نفری اور آزاد کشمیر پولیس کی ایک ہزار نفری بھی اسلام آباد پہنچ گئی۔ رپورٹ کے مطابق پہلی مرتبہ نفری کے ساتھ پولیس کے اعلی افسران بھی منگوائے گئے ہیں، متعلقہ اضلاع کی نفری کے ہمراہ ان کے ڈی ای اوز بھی اسلام آباد ڈیوٹی کریں گے ۔ ہر ضلع کی پولیس کی کمانڈ بھی ساتھ منگوائی گئی ہے ۔آئی جی پنجاب بھی اسلام آباد میں موجود ہیں جبکہ دیگر صوبوں سے 30ہزار نفری اسلام آباد پہنچی ہے ۔ اسلام آباد پہنچنے والی نفری کو پولیس لائنز، مختلف اسکولوں اور عمارتوں میں ٹھہرایا گیا ہے ۔