میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
بلوچستان میں جامع آپریشن کافیصلہ

بلوچستان میں جامع آپریشن کافیصلہ

ویب ڈیسک
هفته, ۲۳ نومبر ۲۰۲۴

شیئر کریں

حمیداللہ بھٹی

امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں۔ بلوچستان میں قدرتی وسائل کی بھرمارتوہے ۔یہ رقبے کے حوالے سے ملک کا سب سے بڑاصوبہ ہے۔ وسیع ساحل ہے جس پر گوادرجیسی جدید ترین بندرگاہ ہے لیکن ملک کاآج بھی سب سے پس ماندہ صوبہ ہے جس کی وجہ بدامنی ہے۔ دہشت گرد اگر ترقی کے عمل کو سبوتاژنہ کریں توپس ماندگی ختم کرنادشوارنہیں مگر کچھ قوم پرست یہاں جاری دہشت گردی کی مذمت نہیں کرتے بلکہ پس ماندگی کو احساسِ محرومی کی وجہ قرار دیتے ہیں جس کے ردِ عمل میں ہتھیار اُٹھانابتایاجاتاہے حالانکہ قوم پرستی یا عوام سے اخلاص تو یہ ہے کہ امن کو یقینی بنانے میں ریاستی اِداروں کا ساتھ دیا جائے تاکہ صوبہ خوشحال ہو لیکن ہر مسلے کی بنیاد قانون نافذ کرنے والے اِداروں کو ٹھہرانے کی روش پر گامزن ہیں ایسے طرزِ عمل کی تائید کوئی محب الوطن نہیں کر سکتا ۔
منگل 19 نومبر کو قومی ایکشن پلان کی اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں کئی ایک نہایت اہمیت کے حامل فیصلے کیے گئے جن میں سے ایک فیصلہ جو امن قائم کرنے کی بنیاد بن سکتا ہے وہ بلوچستان میں دہشت گرد تنظیموں کے خلاف جامع فوجی آپریشن کی منظوری ہے۔ اجلاس میں سول و عسکری قیادت کا مل بیٹھنا اور اتفاقِ رائے سے فیصلہ کرنا ثابت کرتا ہے کہ صوبہ کی دگرگوں صورتحال کاسبھی کو کامل ادارک ہے اور امن کو یقینی بنانے کے لیے یکسو ہیں۔ امید ہے کہ بلوچستان کے امن کو برباد کرنے والے عناصر کاخاتمہ کرنے کے دوران کسی سے رورعایت نہیں ہو گی اور بدامنی پھیلانے میں ملوث گروہوں کا پوری طاقت سے خاتمہ کیا جائے گا۔
1947سے لیکر اب تک بلوچستان میں کئی فوجی آپریشن ہوئے ہیں اور ہر بار وعدہ کیا گیا کہ آپریشن سے بدامنی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا لیکن ایسا نہیں ہوسکا۔ اِس بدقسمت صوبے میں معدنی وسائل کی کثرت ہے یہاں کی نابغہ روزگارہستیوں نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہامنوایا ہے علم و کھیل کے میدان میں بھی یہ صوبہ کسی سے پیچھے نہیں لیکن کمی ہے تو صرف امن کی جو یہاں نایاب ہے۔ بیرونی مالی معاونت سے مٹھی بھر شرپسند عناصر امن کی راہ میں رکاوٹ ہیں یہ شرپسند اپنے عمل کاجواز احساسِ محرومی قراردیتے ہیں لیکن جب حکومت ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کرتی ہے تو یہ رخنہ اندازی کرتے ہیں۔ قومیت کا نعرہ لگانے والے سفاک لوگ دیگر صوبوں کے مزدوروں کا قتلِ عام کرتے ہیں۔ سی پیک بھی اِ ن کا خاص طور پر ہدف ہے جس سے کوئی ابہام نہیں رہتا کہ یہ شرپسند قوم پرست ہرگز نہیں بلکہ اِن کا ایجنڈا کچھ اورہی ہے اگر قوم پرست ہوتے تو ترقیاتی منصوبوں کو مکمل ہونے دیتے تاکہ نہ صرف ترقی ہوتی بلکہ روزگار کے نئے مواقع پیداہوتے یہ عجیب قوم پرست ہیں جو اپنی قوم پرستی کااظہار مزدوروں کے قتل ِ عام سے کرتے ہیں۔ ایسی درندگی کا کھیل دنیا میں کہیں نہیں کھیلا جاتا جیسا بلوچستان میں کھیلا جارہا ہے ضرورت اِس امر کی ہے کہ فوجی آپریشن کا فیصلہ کرہی لیا گیا ہے تو منطقی انجام تک پہنچائے بغیر جاری رکھاجائے یہی ملک اور صوبے کے مفادمیں ہے کیونکہ اب ناکامی یا تاخیر کا مطلب صورتحال کو ناقابلِ حل بنانے کے مترادف ہوگا۔
آپریشن کا آغازکرنے سے قبل ماضی کی غلطیوں کاجائزہ لینا بہتر ہوگا تاکہ دوبارہ نہ دہرائی جائیں یہاں بلوچ اورپشتون کی تفریق ہے مسلکی تفریق ایک الگ بڑامسلہ ہے لہذاعملی کاروائی سوچ سمجھ کرکی جائے تاکہ امن تو آئے مگر ناراض عناصر کوافرادی قوت ملنے کا راستہ ہمیشہ کے لیے بندہو کوئی لاکھ تردید کرے یا جھٹلائے مگر یہ حقیقت ہے کہ نواب اکبر بگٹی قیامِ پاکستان کی جدوجہد شامل رہے۔ انھوں نے قائدِ اعظم کا نہ صرف استقبال کیا بلکہ شاہی جرگے میں پاکستان کے حق میں ووٹ دینے کے لیے بلوچ سرداروں کو قائل کرتے رہے قیام پاکستان کے بعد ملک فیروزخان نون کی حکومت بنی جس نے گوادر کو پاکستان کا حصہ بنایا تووفاقی وزیرِ داخلہ کا قلمدان نواب اکبر بگٹی کے پاس ہی تھا لیکن جلدہی اِس سردارکو بعدمیںجیل بھیج دیا گیا رہا ئی کے بعدبھی وہ گورنر اور وزیرِ اعلیٰ رہے اور عمر کے آخری حصے میں وفاق سے نالاں ہو کر پہاڑوں پر چلے گئے اورپرویز مشرف کے دورمیں ایک پُراسرارموت کا شکار ہوئے۔ سوچنے والی بات یہ ہے کہ قیامِ پاکستان کی جدوجہد قائد اعظم کے ہمرکاب چلنے والے کے لیے آخروہ کون سے حالات واسباب تھے جنھوں نے ایک محب الوطن کو ہتھیار اُٹھانے پر مجبور کر دیا ؟
تسلیم کہ ریاست کے پاس بے پناہ وسائل ہوتے ہیں لیکن وسائل کا استعمال کرتے ہوئے دوست اور دشمن میں تمیزکرنا ضروری ہے جو غلطیوں سے تائب ہوکر قومی دھارے میں آجائے اُسے گلے لگانا اور ساتھ لیکر چلنا ضروری ہے۔ ناراضگیاں بڑھانا کوئی دانشمندی نہیں جنرل ایوب خاں بارے جو بھی کہا جائے وہ عوام کے ووٹوں سے منتخب ہوکر نہیں آئے تھے بلکہ ایک جمہوری حکومت کو چلتا کرکے اقتدار پر قابض ہوئے ظاہر ہوئے1958 میں بلوچ رہنما نواب نوروزخان نے آمرایوب خان کی بدترین مخالف کرنا شروع کی جس سے بلوچستان میں شورش بڑھنے لگی جس سے حکومتی رَٹ کمزور ہوتی گئی جس سے تنگ آکر منانے کی کوششیں شروع کی گئیں ،آخر کار قرآن کا واسطہ دے کر بلوچ سردارکو پہاڑوں سے اُترنے پر رضامند کیا گیا مگرپھر حالات بہتر ہوتے ہی وعدے فراموش کردیے گئے حالانکہ چاہیے تو یہ تھا کہ مسئلہ کا مستقل حل تلاش کیاجاتالیکن ایسا کرنے کی بجائے نواب نوروزخان کو جیل میں ٹھونس دیا گیا۔ اسیری کے ایام میں ہی وہ 1964 میں ایسی حالت میں خالق ِ حقیقی سے جا ملے جب اُن کی عمر ستانوے برس کے لگ بھگ تھی ۔اب یہاں سوال ہے کہ اہلِ اقتدار وعدے پورے کرنے کی بجائے رسوئی سمیٹنے اور ناراض بلوچوں کی تعداد بڑھانے پر کیوں بضد رہے؟
سابق وزیرِ اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک نے بھی ایک وقت میں بلوچ حقوق کے لیے ہتھیار اُٹھائے اور پھرایک وقت آیا کہ وہ ریاست کی پسندیدہ ترین شخصیت بن کر وزارتِ اعلیٰ کا منصب لینے میں کامیاب ہو گئے۔ اِس دوران انھوں نے ناراض بلوچوں سے مذاکرات بھی کیے اب شنید ہے کہ دوبارہ خفاہوکر الگ تھلگ خاموش ہیں۔ کسی دہشت گرد کو معافی دینے کی بجائے جو ناراض بلوچ ریاست کی وفاداری پر آمادہ ہیں اُنھیں ساتھ لیکر چلنے میں اگر امن میں بہتری آسکتی ہے تو ریاستی اِداروں کو اِس پہلو پر بھی کام کرنا چاہیے ۔عیاں حقیقت یہ ہے کہ بلوچستان میں غیر ملکی مداخلت قیامِ پاکستان سے بھی پہلے سے جاری ہے ۔پہلی جنگِ عظیم میں بلوچ قبائل کے سرداروں نے برطانیہ کے خلاف جرمنی سے مدد لی اب بھی افغانستان کے راستے بھارت کی مالی سرپرستی سے دہشت گردمتحرک ہیں۔مالی سرپرستی کے راستے بند کرنا بھی اشد ضروری ہے۔ انسدادِ دہشت گردی کے لیے حال ہی میں پاک چین فوجی مشقیں اختتام پذیر ہوئی ہیںجس کی وجہ سے خیال ہے کہ فوجی آپریشن کا فیصلہ بھی چین سے ملنے والی ہدایات کی روشنی میں کیا گیا ہے ۔اگرایسا ہے تو یہ ہرگز مناسب نہیں اپنی ضرورت کومدِ نظررکھ کر
فیصلے کیے جائیں اور پھر منطقی انجام تک پہنچائے بغیر کام کیا جائے تاکہ نہ صرف امن قائم ہوبلکہ کسی کو دشنام طرازی کا موقع نہ ملے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں