اورنگی ٹاؤن ڈکیتی، ایس ایس پی ساؤتھ اور ویسٹ بھی جرم میں شریک نکلے
شیئر کریں
ڈسٹرکٹ ویسٹ تھانہ پیرآباد کی حدود میں تاجر برادرز کے گھر ہونے والی ڈکیتی سے متعلق کئی اور بھی راز فاش ہونے لگے ہیں۔ ملزم ڈی ایس پی عمیر طارق کو ویسٹ پولیس نے گرفتار کر کے جسمانی ریمانڈ حاصل کرنے کے لیے سٹی کورٹ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کر دیا۔ اس موقع پر ملزم کے وکیل عامر منصور نے انکشاف کیا ہے کہ اس ڈکیتی میں میرا موکل ہی شریک نہیں بلکہ ایس ایس پی ساؤتھ اور ویسٹ بھی برابر کے حصے دار اور شریک ہیں ۔دیگر اہم ملزمان کو بھی گرفتار کر کے شامل تفتیش کیا جائے۔ دوسری جانب گرفتار ملزمان نے اہم انکشاف کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہماری پولیس پارٹی نے 24؍اکتوبر کی شب کو اسی طرز پر دو اور گھروں میں تلاشی کے بہانے ڈکیتی کی۔ متاثرہ شہریوں میں انس اور دلشاد کی آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ماموں منصور شیخ نامی شخص کے گھر لایا گیا جنہیں بعدازاں چھوڑ دیا گیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ کی انکوائری رپورٹ میں بہت سارے رازوں سے پردہ اٹھا یا گیا ہے ، رپورٹ میں واضح لکھا گیا ہے کہ اس جرم میں ایس ایس پی ساؤتھ بھی قصور وار ہیں تاہم انتظامیہ کراچی پولیس نے ایس ایس پی ساؤتھ عمران قریشی سے چارج واپس لے لیا اور انکوائری کمیٹی سے تعاون کرنے کے احکامات بھی دیے گئے۔ پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ڈکیتی میں ملوث شاہین فورس کے اہلکاروں سمیت پرائیویٹ عناصر کی گرفتاری کے لیے ویسٹ پولیس کی جانب سے کارروائیاں جاری ہیں۔ انکوائری رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈی ایس پی نے اپنی ٹیم میں جرائم پیشہ عناصر کو خصوصی مقام دے رکھا تھا ۔اس سے قبل بھی موصوف کی ٹیم اس طرح کی متعدد مجرمانہ سرگرمیوں میں شامل رہی ہے ۔