ملی نغموں کے خالق نامور شاعر جمیل الدین عالی کی آٹھویں برسی آج منائی جائے گی
شیئر کریں
”اتنے بڑے جیون ساگر میں تونے پاکستان دیا” معروف ملی نغموں کے خالق نامور شاعر جمیل الدین عالی کی آٹھویں برسی (آج) 23/نومبر جمعرات کو منائی جائے گی۔ معروف ادیب، شاعر، دانشور، نقاد، کالم نگار ڈاکٹر جمیل الدین عالی 20/ جنوری 1925ء کو دہلی کے ایک علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ جمیل الدین عالی کے اردو ادب کی مشہور کتابوں میں اے میرے دشت سخن، جیوے جیوے پاکستان، لاحاصل اور نئی کرن شامل ہیں۔ ادبی کتابوں کے علاوہ ان کے سفرناموں میں دنیا میرے آگے، تماشا میرے آگے، آئی لینڈ اور حرفے شامل ہیں۔ انہوں نے سن 1965ء کی جنگ میں وطن عزیز کے لیے کئی ملی نغمے لکھے، معروف ملی نغموں ”اے وطن کے سجیلے جوانوں”، ”اتنے بڑے جیون ساگر میں تو نے پاکستان دیا” کے علاوہ انھوں نے اسلامی سربراہی کانفرنس کے لیے ”ہم مصطفوی،مصطفوی،مصطفوی ہیں” تحریر کیا۔ جمیل الدین عالی کو اردو ادب میں ان کی خدمات کے اعتراف میں سن 1991ء میں پرائیڈ آف پرفارمنس اور سن 2004ء میں تمغہ امتیاز دیا گیا۔ وہ طویل علالت کے بعد 23 نومبر 2015ء کو انتقال کر گئے تھے۔