میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نظام انصاف میں بہتری کچھ وقت کے بعد نظر آئیگی، چیف جسٹس

نظام انصاف میں بہتری کچھ وقت کے بعد نظر آئیگی، چیف جسٹس

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۳ نومبر ۲۰۲۲

شیئر کریں

چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق ریکوڈک ریفرنس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ پاکستان کے نظام انصاف میں بہتری ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔پاکستان کے نظام انصاف میں بہتری کے لیے بہت اقدامات کیے گئے ہیں اور نتائج کچھ وقت کے بعد نظر آئیں گے۔چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 5 رکنی بینچ نے ریکوڈک منصوبے سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت کی جہاں سرمایہ کار بیرک گولڈ کمپنی کے وکیل مخدوم علی خان نے اپنے دلائل مکمل کیے۔ مخدوم علی خان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبے سے مال جیسے ہی پورٹ پر پہنچے گا، 85 فیصد ادائیگی ہوجائے گی، منصوبے کے مال کی بقیہ پندرہ فیصد ادائیگی منزل پر پہنچ کر مارکیٹ ریٹ اور کوالٹی کے مطابق ادائیگی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اگر ریکوڈک منصوبے سے کاپر اور سونے کے علاوہ کوئی معدنیات نکلی تو اس کا طریقہ کار معاہدے میں درج ہے، اگر ریکوڈک منصوبے سے کوئی نایاب معدنیات نکلیں تو حکومت مارکیٹ ریٹ پر خرید لے گی۔ کمپنی کے وکیل نے بتایا کہ اگر ریکوڈک منصوبے سے کوئی اسٹریٹجک معدنیات برآمد ہوئیں تو حکومت مفت لے سکے گی، اگر زمین حاصل کی گئی تو ادائیگی کمپنی کرے گی جبکہ حکومت سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی شاہراہوں کی تعمیر اور مرمت حکومت جبکہ نوکنڈی سے پراجیکٹ تک سڑک کی تعمیر کمپنی کے ذمے ہوگی، شاہراہیں صرف پراجیکٹ نہیں بلکہ عام عوام بھی استعمال کرسکیں گے۔ مخدوم علی خان نے کہا کہ سرحد، صوبے اور ضلعے میں سیکیورٹی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہوگی جبکہ پراجیکٹ کے اندر سیکیورٹی کمپنی کے ذمے ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے سے مال کرش کرکے پانی کی لائن کے ذریعے پورٹ پر پہنچے گا، ریکوڈک منصوبے کی کنسٹرکشن کا ایک فیصد جبکہ سالانہ آمدن کا 0.4 فیصد سماجی شراکت داری پر خرچ ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکوڈک منصوبے کی تعمیر پر 7 ہزار 500 جبکہ آپریشنز پر 4 ہزار نوکریاں ملیں گی۔ مخدوم علی خان نے کہا کہ کمپنی ریکوڈک منصوبے کو مکمل شفاف اور قانون کے مطابق کرنا چاہتی ہے، اگر حکومت کوئی رعایت ختم کرتی ہے تو وہ خفیہ نہیں بلکہ پبلک نوٹس کے ذریعے کھلے عام فیصلہ کرے۔ جسٹس منیب اختر نے اس موقع پر کہا کہ ریکوڈک منصوبے میں 50 فیصد حصص پاکستان کے ہیں، تنازع سے پاکستان کو بھی اثر پڑے گا۔ چیف جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ حکومت پاکستان جو کرے وہ بین الاقوامی قوانین کو مدنظر رکھ کر کرے ورنہ کمپنی پھر عالمی ثالثی فورم پر چلی جائے گی۔ چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان کے عدالتی نظام اور عالمی نظام انصاف میں بہت فرق ہے، پاکستان کے نظام انصاف میں بہتری ہمارے لیے بڑا چیلنج ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں