مٹیاری کے بعدنوشہروفیروز میں بھی ایم 56موٹروے رقم کی تحقیقات شروع
شیئر کریں
(رپورٹ :شاہنواز خاصخیلی) مٹیاری کرپشن میگا اسکینڈل، نوشہروفیروز ضلع میں بھی ایم 56موٹروے رقم کی تحقیقات شروع،رکارڈ طلب، ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز بھی 5 دن سے غائب، موبائل فون بھی بند، سندھ حکومت نے چوتھی تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی، سیکریٹری داخلہ سعید احمد منگنیجو کمیٹی کے سربراہ مقرر، ملوث افسران پر پلے بارگینگ کیلئے دباؤ، اسسٹنٹ کمشنر کو فرار کرانے میں ملوث سہولتکاروں کے خلاف بھی کارروائی کا امکان،تفصیلات کے مطابق مٹیاری میں سکھر حیدرآباد ایم 6 موٹروے میں دو ارب 14 کروڑ روپے کی میگا کرپشن کے بعد سندھ حکومت نے نوشہروفیروز میں بھی زمین کی خریداری کے معاملے پر تحقیقات شروع کردی ہے، سندھ حکومت نے نوشہروفیروز میں خریدی جانی والی زمین و بیچنے والے افراد اور بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات طلب کرلی ہیں، دوسری جانب ذرائع کے مطابق ڈپٹی کمشنر نوشہروفیروز تاشقین عالم بھی 5 دن سے غائب ہے اور اس کا موبائل فون نمبر بھی بند جا رہا ہے، سندھ حکومت نے مٹیاری میگا کرپشن پر چوتھی تحقیقاتی کمیٹی بھی تشکیل دے دی ہے، سیکریٹری داخلہ سعید احمد منگنیجو کی سربراہی میں قائم کی گئی کمیٹی میں اسپیشل سیکریٹری فنانس شھاب قمر انصاری اور سیکریٹری سندھ پبلک سروس کمیشن نذیر قریشی کو بطور ممبر شا کیا گیا ہے، ذرائع کے مطابق میگا کرپشن میں ملوث افسران پر پیسے واپس کرنے کیلئے دباؤ ڈال کر پلے بارگینگ کی پیشکش کی گئی ہے تاہم اینٹی کرپشن ذرائع کے مطابق گرفتار سابق ڈپٹی کمشنر مٹیاری عدنان رشید نے جرم قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے کرپشن کا ذمہ دار اسسٹنٹ کمشنر نیو سعید آباد منصور علی عباسی کو قرارداد دے دیا ہے، کیس میں نامزد اسسٹنٹ کمشنر منصور عباسی اور سندھ بینک کا افسر سید تابش شاہ 7 روزہ قبل از گرفتاری کی ضمانت حاصل کر چکے ہیں، ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر منصور علی عباسی کو فرار کرانے اور اینٹی کرپشن کے چھاپے کی اطلاع دینے والے سہولتکاروں کے خلاف کارروائی کرنے کیلئے شواہد اکٹھے کئے جا رہے ہیں۔