میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
والدہ کا انتقال، نواز شریف کا تدفین میں شرکت کے لیے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ

والدہ کا انتقال، نواز شریف کا تدفین میں شرکت کے لیے پاکستان نہ آنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک
پیر, ۲۳ نومبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

سابق وزیراعظم محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی والدہ محترمہ بیگم شمیم اختر 95برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئیں ، مرحومہ کی تدفین جاتی امراء سے متصل قبرستان میں کی جائے گی ،علالت کے باعث نواز شریف کی بیرون ملک سے پاکستان آمد کا امکان نہیں جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید شہباز شریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز پیرول پر رہائی پرنماز جنازہ اور تدفین میں شریک ہوں گے ، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وزیر اعظم عمران خان،سابق صدر مملکت آصف زرداری ،چیئرمین بلاول بھٹو زداری ، مسلم لیگ(ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین ،صوبوں کے گورنرز ،وزرائے اعلیٰ سمیت کابینہ اراکین اور سیاسی قیادت نے نواز شریف اور شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہارتعزیت کیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف کی والدہ محترمہ بیگم شمیم اختر 95 برس کی عمر میں لندن میں انتقال کر گئیں، مسلم لیگ (ن) کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل جنرل عطا تارڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر شریف برادران کی والدہ محترمہ کے انتقال کی تصدیق کی ۔بیگم شمیم اختر فروری میں لندن روانہ ہوئی تھیں۔ ان کی گزشتہ ایک ماہ سے ہی طبیعت ناساز تھی لیکن گزشتہ چند روز سے ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی اور ان کا انتقال ایون فیلڈ اپارٹمنٹس میں ہوا۔عطا اللہ تارڑ ،مرزاجاوید اور دیگر رہنمائوں کے مطابق مرحومہ کی میت کو پاکستان لایا جائے گا اور نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد جاتی امراء سے متصل قبرستان میں تدفین کی جائے گی ۔ ذرائع کے مطابق علالت کے باعث نواز شریف کی وطن واپسی کا امکان نہیں ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کے حکم پر جیل سپرنٹنڈنٹ نے خود جا کر شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بیگم شمیم اختر کے انتقال کی اطلاع دی ۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز بیگم شمیم اختر کے انتقال کی خبر سن کر رنجیدہ ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز پیرول پر رہائی ملنے پر نماز جنازہ اور تدفین کی رسومات میں شریک ہوں گے ۔وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے بیگم شمیم اخترکے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیرول پر رہائی ان کا قانونی و اخلاقی حق ہے۔ حکومت جنازے کے وقت اور شریف خاندان کی جانب سے درخواست کی وصولی کے بعد اس بارے میں فیصلہ کرے گی۔ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی قانونی ٹیم اور عزیز و اقارب کو جیل میں ان سے مشاورت کی فوری اجازت دی گئی ۔ مرحومہ شمیم اختر کی آخری رسومات کے حوالے سے حکومت کوئی سیاست نہیں کرے گی۔ بزدار حکومت دکھ کی اس گھڑی میں شریف خاندان کے ساتھ ہے۔ علاوہ ازیں مریم نواز کو پشاور میں پی ڈی ایم کے جلسے کے موقع پر دادی کے انتقال کی اطلاع دی گئی ۔ اس موقع پر پی ڈی ایم کے تمام رہنمائوں نے مریم نواز سے اظہارتعزیت کیا ۔ اطلاع ملنے کے بعدمریم نواز جاتی امراء کے لئے واپس روانہ ہو گئیں ۔صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی ،وزیر اعظم عمران خان ،سابق صدر مملکت آصف زرداری ،پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان، جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق،مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت حسین ، سپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الٰہی، صوبوں کے گورنرز ،وزرائے اعلیٰ، کابینہ کے اراکین سمیت دیگر سیاسی و مذہبی شخصیات نے نواز شریف اور شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہا ہے کہآپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اوردعا گو ہیں کہ اللہ تعالی مرحومہ کے درجات بلند فرمائے اوراہل خانہ کو یہ صدمہ حوصلے اورصبر سے برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں