حکومت کی ناقص پالیسیوں کی بدولت عوام سڑکوں پر آ گئے ہیں ،مراد علی شاہ
شیئر کریں
وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اشیائے ضروریات اور بنیادی اشیائے خوردونوش کی قیمتیں اس حد تک بڑھ گئی ہیں کہ لوگ حکومت کی ناقص سماجی و معاشی پالیسیوں کی بدولت سڑکوں پر آنے پر مجبور ہو گئے ہیں اور اسلام آباد میں بیٹھے منتخب حکمرانوں کے خلاف احتجاج کررہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کی شام داد چورنگی پر قیمتوں میں اضافے کے خلاف ملیر کے لوگوں کی طرف سے نکالی گئی احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کے ہمراہ ان کی کابینہ کے اراکین ، مشیران ، معاونین خصوصی اور ملیر سے کوآرڈینیٹرز بھی تھے۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اشیائے ضروریہ اور بنیادی اشیا خوردنوش جیسے آٹا ، گھی ، سبزیوں اور دالوں کی قیمتوں میں اس حد تک اضافہ کر دیا گیا ہے کہ لوگ دو وقت کے کھانے کیلئے بھی پریشان ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھوک اور بے بسی نے لوگوں کو سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور کر دیا ہے تاکہ وہ منتخب حکمرانوںکو گھر واپس بھیج سکیں۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ایک غریب ملک ہے اور اس کی معیشت میں ناکارہ اور ناقص پالیسیوں کو اپنانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے جس سے غریب لوگوں سے روٹی کا نوالہ بھی چھین لیا جائے۔ وزیر اعظم نے اپنی تقریر میں پہلے کہا تھا کہ اگر ڈالر کی قیمت ایک روپے بڑھ جاتی ہے تو اس کا مطلب ہے کہ حکمران کرپٹ اور چور ہیں اور اب ڈالر کے مقابلے میں 50 روپے سے زیادہ کا اضافہ ہوچکا ہے اور اب اس ملک کے لوگوں کو فیصلہ کرنا ہے کہ کون کرپٹ اور چور ہے۔