تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کو تفریح بنادیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ
شیئر کریں
وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے میڈیا کو تفریح بنادیا ہے کبھی بھینسیں ،کبھی گاڑیاں بیچتے ہیں تو کبھی ہیلی کاپٹر کو 55روپے میں چلاتے ہیں، فواد چوہدری کی بات کو سنجیدہ نہیں لیتے ان کو حکومت کرنا نہیں آتی عوام سے مذاق کررہے ہیں، آصف زرداری عوامی لیڈر ہیں وہ سب سے ملیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد کے گاؤ ں مراد علی لاشاری میں ٹرین حادثے میں ایک ہی خاندان کے فوت ہونے والے 10افراد کے لواحقین سے تعزیت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پرصوبائی وزیر مکیش چاولہ، میر اعجاز حسین جکھرانی ، ڈاکٹر سہراب سرکی،میر لیاقت علی لاشاری اور دیگر بھی موجود تھے۔
وزیر اعلیٰ سندھ کے کہا کہ آصف علی زرداری سیاستدان ہیں وہ سیاستدانوں اور عوام سے ملتے رہے ہیں اور ملتے رہیں گے ان کی سیاست کے سب معترف ہیں، شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے وقت ملک جس شدید بحران میں تھا تو اس وقت آصف علی زرداری نے ہی پاکستان کھپے کا نعرہ لگا کر ملک کو بچایا اور اب بھی وہ ملک میں جمہوریت کی بقا اور عوام کے حقوق کی جدوجہد کررہے ہیں۔ فواد چوہدری آصف زرداری کو مشورے نہ دیں وہ اس وقت ان کو سلام کیا کرتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین کی زد میں آکر 10افراد کی ہلاکت پر انتہائی دکھ ہے سندھ حکومت متاثرین کی مالی مدد کرے گی۔ ٹرین حادثے پر شیخ رشید کی منطق سمجھ سے بالا تر ہے لگتا ہے کہ وفاقی حکومت سندھ کو پاکستان سے الگ سمجھ رہی ہے ہر واقعے کے بعد ذمہ داری سندھ حکومت پر عائد کرنا غلط ہے اگر ذمہ داری ہماری ہے تو ٹرینیں بھی ہمارے حوالے کی جائیں ، وفاقی حکومت کے روز روز عجیب بیانات ہیں ۔