لندن میں ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک ،اہم فیصلے کر لیے گئے
شیئر کریں
پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت اس وقت لندن میں موجود ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لندن میں ن لیگ کے بڑوں کی بیٹھک میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران بیانیے اور منشور کے لیے ن لیگ کا کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔ن لیگ کے قائد میاں نواز شریف نے تمام سی ای سی ممبران سے تجاویز طلب کر لیں،میڈیا ذرائع کا کہنا ہے کہ 7 دن کے اندر تحریری طور پرتجاویز نوازشریف کو دی جائیں گی۔نوازشریف پارٹی رہنماؤں کے تحفظات سمیت تمام معاملات براہ راست خود دیکھیں گے۔ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کی سربراہی پر کسی بھی سینئیر ممبر کو اعتراض نہیں ہو گا۔ آپ ن لیگ کی جانب سے وزیراعظم کے متفقہ امیدوار ہیں۔پارٹی کے سینئر رہنماؤں کی جانب سے رائے دی گئی نواز شریف کی آمد پر عوام کو معاشی ریلیف کا بیانیہ ہونا چاہیے۔نوازشریف نے کہا کہ ادھر ادھر کے بجائے ن لیگ صرف معاشی اہداف کی جانب توجہ مرکوز رکھے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن )کے مرکزی رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ21 اکتوبر کو عوام اپنے قائد میاں نواز شریف کا فقید المثال استقبال کریں گے، مسلم لیگ (ن )اقتدار میں اکے خوشحالی کا دور واپس لائے گی، ملک کی معاشی تباہی کے ذمہ دار عمران خان اور اس کے ساتھی ہیں ،معاشی تباہی پھیلانے انکا احتساب ہونا چاہیے۔