یواین جنرل سیکرٹری جنرل کی کراچی آمد پر ناخوشگوار واقعے کا انکشاف
شیئر کریں
شہر قائد میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) کے افسران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے کمرے میں زبردستی گھس گئے۔تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی کراچی آمد کے موقع پر ایک نہایت ناخوش گوار واقعہ پیش آیا، جس پر وزارت خارجہ نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔چیف سیکریٹری سندھ کو وزارت خارجہ کی جانب سے لکھے گئے خط کے مطابق ایس ایس یو پولیس نے خود نمائی کے لیے سیکیورٹی داؤ پر لگا دی تھی، اور افسران نے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کی موجودگی کو یونٹ کی تشہیر کا ذریعہ بنانے کی کوشش کی۔وزارت خارجہ کے مطابق ایس ایس یو کے افسران زبردستی سیکریٹری جنرل کے لانج میں گھس گئے تھے جہاں ان کی بالکل ضرورت نہیں تھی، افسران نے کمرے میں زبردستی اپنے فوٹوگرافر کو انٹری دلوائی۔وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ ایس ایس یو افسران نے رمادا ہوٹل میں غیر ملکی نشریاتی ادارے کو سیکریٹری جنرل کے انٹرویو کے دوران مداخلت کی کوشش کی ہے، مہمان کے سیکیورٹی اسٹاف نے ایس ایس یو اہل کاروں کو متعدد بار ایسی حرکتوں سے باز رہنے سے روکا تھا، لیکن ایس ایس یو کے 6 افراد انتہائی ڈھٹائی اور کم ظرفی کا مظاہرہ کرتے ہوئے معزز مہمان کے سوئٹ میں غیر قانونی طور پر گھس گئے۔وزارت خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے سیکیورٹی اسٹاف کی مزاحمت کے باوجود ایس ایس یو اہل کار کمرے میں داخل ہوئے، افسران نے سیکریٹری جنرل کو بلا اجازت تحائف پیش کیے اور متعدد تصاویر بنوائیں۔اسپیشل برانچ کے عملے نے بھی مہمان کی آمد پر انتہائی غیر ذمہ داری کا ثبوت دیا، اسپیشل برانچ کے افسران نے اپنے کمروں میں چیک ان ہونے کے بعد مہمان کے کمرے سے قریب رہنے کی زحمت بھی گوارہ نہیں کی تھی۔وزارت خارجہ نے مراسلے میں کہا کہ سرکاری مہمان کی آمد پر سیکیورٹی اہل کاروں کا ایسا رویہ پروٹوکول کی سنگین خلاف ورزی ہے، احتیاط کرنے کی ہدایت دی جائے۔