کراچی میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ اچانک بڑھا دیا گیا
شہر قائد کے مختلف رہائشی علاقوں میں ہونے والی بجلی کی غیراعلانیہ اور بد ترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے
شیئر کریںشہر قائد کے مختلف رہائشی علاقوں میں ہونے والی بجلی کی غیراعلانیہ اور بد ترین لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، نیپرا کی سماعت کے باوجود کے الیکٹرک اپنی ہٹ دھرمی پر قائم ہے۔تفصیلات کے مطابق نیپرا کی سماعت کے باوجود شہر قائد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں اضافہ ہوگیا ہے، لوڈشیڈنگ سے مستثنی علاقوں میں رات گئے بجلی نہ ہونے سے علاقہ مکین اذیت میں مبتلا رہے۔کے الیکٹرک کو اضافی فرنس آئل اور گیس کی فراہمی کے باوجود لوڈشیڈنگ کا دورانیہ بڑھ گیا، کراچی کے بیشترعلاقوں میں لوڈ شیڈنگ کا مجموعی دورانیہ12گھنٹے تک کردیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے مختلف علاقوں میں رات گئے ایف بی ایریا، گڈاپ کاٹھور،کاظم آباد،ماڈل کالونی میں بجلی کی فراہمی معطل رہی۔احسن آباد ،گلشن معمار، لیاقت آباد ،ناظم آباد کے مختلف علاقوں میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید اذیت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔اس کے علاوہ گلشن معمار،سر سید ٹان،کیماڑی کے مختلف علاقوں میں بھی لوڈشیڈنگ کا جن بے قابو رہا اور شہریوں نے گرمی اور حبس میں رات جاگ کر گزاری۔لانڈھی،کورنگی، نارتھ کراچی کے مختلف علاقوں کے متاثرہ شہریوں نے میڈیا کو بتایا کہ طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن گیا ہے اور ہماری شکایات بھی نہیں سنی جاتیں۔ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے علاقہ مکین سخت اذیت سے دو چار ہیں۔شارع پاکستان کے اطراف فیڈرل بی ایریا کے مختلف بلاکس میں بھی رات گئے بجلی کی فراہمی معطل رہی جبکہ گلشن اقبال، ناظم آباد، گلبہار اور گرومندر کے اطراف آباد مکینوں نے بھی بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کی شکایت کیں۔