میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سشانت سنگھ خود کشی کیس ،کرایے کے قتل سے منشیات تک فلم انڈسٹری کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب

سشانت سنگھ خود کشی کیس ،کرایے کے قتل سے منشیات تک فلم انڈسٹری کا گھناؤنا چہرہ بے نقاب

ویب ڈیسک
بدھ, ۲۳ ستمبر ۲۰۲۰

شیئر کریں

فلم پی کے سرفراز اور آنجہانی اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی نے بالی ووڈ کو ہلا کررکھ دیا ہے۔ اس واقعے نے بظاہر چمکتی دمکتی اس فلم انڈسٹری کی اندرونی تاریکیوں اور گھناؤنے پن کو بے نقاب کردیا ہے۔ اور اس محاورے کو بالکل سچ ثابت کردیا ہے کہ ’’دور کے ڈھول سہانے‘‘۔
سشانت سنگھ کی مبینہ خود کشی کو بھارتی اداکارہ کنگنا رناوت نے قتل قرار دیا تھا۔ جس کے بعد سے وہ مسلسل مختلف تنازعات میں گھری ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ اُسے ’’اسکینڈلز کوئین‘‘ کہا جانے لگاہے۔ سشانت سنگھ کی مبینہ خود کشی کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری کا ایک ایسا چہرہ سامنے آیا ہے جسے انڈرورلڈ کی طرح خوف ناک اور ناپسندیدہ کہا جاسکتا ہے۔اس مبینہ خود کشی سے اندازا ہوا کہ بالی ووڈ انڈسٹری میں کرایے کے قتل سے لے کرمنشیات کے استعمال تک سب چلتا ہے۔اس خود کشی سے جڑے حقائق کے مختلف پہلوؤں کو سشانت سنگھ کی خود کشی یا قتل کے محرکات کے حوالے سے زیر تفتیش لایا گیاہے اور ساتھ ہی اس میں ڈرگ کے بھارتی استعمال کا معاملہ بھی مسلسل زیر بحث آرہا ہے۔گزشتہ دنوں سشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے کیس میں ایک نیا موڑ سامنے آگیا جہاں آنجہانی اداکار نے خود کو ماردینے سے متعلق انکشاف کیا تھا۔بھارتی شوبز کے ستارے سشانت سنگھ راجپوت 14 جون کی ممبئی میں واقع اپنے فلیٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے تھے ۔اس کیس کو پولیس نے خودکشی قرار دیا تھا تاہم دیگر تحقیقاتی ادارے اس کی مختلف زاویوں سے انکوائری کر رہے ہیں۔ایسے میں بھارتی میڈیا میں نئی رپورٹس منظر عام پر آئی ہیں جنھوں نے اس کیس کو ایک نیا رخ دے دیا ہے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق سشانت سنگھ راجپوت کے فون کا ریکارڈ دیکھا گیا جس میں انھوں نے اپنے آخری ایام میں اپنی دوست ریا چکرورتی کو مختلف اوقات میں فون کالز کیں۔
ایسے میں تفتیش کاروں کے سامنے ایک اور حیرت انگیز بات سامنے آئی ہے کہ سشانت سنگھ راجپوت نے اپنی بہن کو ایک ایمرجنسی کال کرکے انھیں خود کو درپیش خطرے سے آگاہ کیا تھا۔
سشانت نے خوف کے عالم میں اس کال میں اپنی بہن میتو سنگھ کو کہا کہ ’’یہ لوگ مجھے پھنسائیں گے ، یہ لوگ مجھے مار دیں گے‘‘ ۔ سوال یہ ہے کہ سشانت سنگھ کے فون میں’’یہ لوگ‘‘ کون ہیں؟واضح رہے کہ اہل خانہ کی درخواست پر سشانت سنگھ کی موت کے معاملے کو تحقیقاتی ادارے مختلف زاویوں سے دیکھ رہے ہیں۔اسی باعث سلمان خان اور کرن جوہر سمیت 8 فلمی شخصیات کو عدالت نے طلب بھی کررکھا ہے۔ بالی ووڈ اداکار سشانت سنگھ راجپوت کی موت کے معاملے میں مظفر پور ضلع عدالت نے ان شخصیات کو خود یا اپنے وکیل کے ذریعہ عدالت میں 7 ؍اکتوبر حاضر ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ ضلعی عدالت کے حکم کے مطابق، سلمان خان، کرن جوہر، آدتیہ چوپڑا، ساجد ناڈیا والا، سنجے لیلا بھنسالی، ایکتا کپور، بھوشن کمار اور دنیش وجین کو مذکورہ تاریخ کو حاضر ہونا ہے ۔واضح رہے کہ ایڈوکیٹ سدھیر اوجھا نے ان آٹھ فلمی شخصیات کو ایک عدالتی درخواست میں سشانت سنگھ کی موت کا ذمہ دار ٹہرایا ہے۔
دوسری طرف سشانت سنگھ راجپوت کی موت کی جانچ منشیات کے زاویے سے بھی جاری ہے۔ اس حوالے سے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) بڑے پیمانے پر چھاپہ ماری کر رہا ہے ۔ این سی بی کی ٹیم نے اس معاملے میں ایک بڑے ڈرگس پیڈلر کو گرفتار کیا ہے ۔ راہل وشرام نام کے اس ڈرگ پیڈلر کے پاس سے این سی بی کو تقریباً ایک کلو ڈرگس ملی ہے ۔جس کی قیمت 3 سے 4 کروڑ روپے کے آس پاس بتائی جارہی ہے ۔ اس کے علاوہ این سی بی کی ٹیم کو راہل کے گھر سے 4.5 لاکھ روپے نقد بھی ملے ہیں ۔ ابھی تک کی خبر کے مطابق، راہل کا بالی ووڈ شخصیات کے ساتھ رابطہ تھا اور وہ بالی ووڈ کی پارٹیوں میں وہ موجود ہوتا تھا۔واضح رہے کہ سشانت کو ڈرگز دینے کے معاملات پر ان کی سابقہ دوست اداکارہ ریا چکرورتی بھی زیر حراست ہے۔ریا چکرورتی معاملے میں این سی بی کی ٹیم ممبئی سے لے کر گوا تک کے ڈرگ نیٹ ورک کی تلاش میں مصروف ہے ۔ ابھی تک جتنے بھی ڈرگ پیڈلر پکڑے گئے ہیں، ان کے کنکشن شووک چکرورتی اور ریا چکرورتی سے ملے ہیں۔ این سی بی کی ٹیم چاہتی ہے کہ وہ ان پیڈلر کے ذریعہ اس پوری نیٹ ورک کا پتہ لگائے ، جس سے ممبئی کے ساتھ ہی پورے ملک میں پہنچائی جارہی ڈرگس کے نیٹ ورک کا انکشاف ہوسکے ۔ این سی بی کے زونل ڈائریکٹر سمیر وانکھیڑے اور ان کی ٹیم نے ممبئی کے پووائی میں چھاپہ مارا اور دو سے تین لوگوں کو حراست میں لے لیا۔ ان کے پاس سے بھی ٹیم کو 500 گرام کے قریب بڈملی ہے ۔ ایک گرام بڈ کی قیمت 6 سے 8 ہزار کے درمیان بتائی جارہی ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ بازار میں اس پوری بڈ کی قیمت تقریباً 30 سے 40 لاکھ کے آس پاس ہے ۔
سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد جاری منشیات کے حوالے سے تحقیقات کے دائرے میں مقبول بھارتی اداکارہ دپیکا پڈوکون
بھی آچکی ہے۔اطلاعات کے مطابق بالی ووڈ منشیات تحقیقات میں بھارتی فلم انڈسٹری کی صف اول کی اداکارہ دپیکا پڈوکون کو بھی اس ہفتے تفتیش کے لیے طلب کیا جائے گا۔ دپیکا پڈوکون کے ساتھ سارہ علی خان اور شردھا کپور کو بھی طلب کیا جائے گا۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحقیقات کے دوران منشیات میں ملوث مزید دو افراد کے نام بھی سامنے آئے تھے جن کے نام کے صرف حرفِ اول کو ظاہر کیا گیا تھا۔ اِن دو ناموں میں ایک نام ’ڈی ‘اور دوسرانام ’K‘سے شروع ہو رہا تھا۔نارکوٹکس کنٹرول بیورو کی تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ منشیات کے استعمال میں ملوث پہلا نام بالی ووڈ کی صف ِاوّل اداکارہ دپیکا پڈوکون کا ہے جبکہ دوسرا نام ’’کریشمہ پرکاش ‘کا ہے جو کہ دپیکا پڈوکون کی منیجر ہیں۔رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دپیکا پڈوکون کی منیجر کریشمہ سے کل ایجنسی کے ذریعے پوچھ گچھ کی جائے گی۔
واضح رہے کہ سشانت سنگھ راجپوت خودکشی کیس میں آئے دن نئے نئے انکشافات ہونے کے ساتھ ہی بالی ووڈ کے اندرونی رازوں سے بھی پردہ اُٹھایا جارہا ہے ۔اِس سے قبل نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے تقریب میں کُھلے عام منشیات کا استعمال کرنے پر بھارتی پروڈیوسر اور ہدایتکار کرن جوہر سمیت دیگر اداکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔دوسری جانب سشانت سنگھ خودکشی کیس میں گرفتار ہونے والی ریا چکرورتی نے تحقیقات کے دوران یہ انکشاف کیا تھا کہ سشانت کی سابقہ گرل فرینڈ سارہ علی خان بھی اُن کے ساتھ مل کر منشیات کا استعمال کرتی تھیں۔ریا چکرورتی نے بتایا تھا کہ ناصرف وہ بلکہ اداکارہ سارہ علی خان، راکول پریت سنگھ اور سمن کھمباٹا بھی سشانت کے ساتھ مل کر منشیات استعمال کرتے رہے ہیں۔چنانچہ اس انکشاف کے بعد این سی بی کے ذرائع نے بھارتی میڈیا کو بتایا تھا کہ جانچ ٹیم بہت جلد اس معاملے میں اداکارہ سارہ علی خان اور شردھا کپور سے پوچھ گچھ کرسکتی ہے ۔ نارکوٹکس کنٹرول بیورو کو جانچ کے دوران بالی ووڈ میں ڈرگس کنکشن کا پتہ چلا ہے ۔ یہی نہیں اس معاملے میں پہلے سے گرفتار اداکارہ ریا چکرورتی اور کئی ڈرگس پیڈلر نے انکشاف کیا ہے کہ بالی ووڈ کی پارٹی میں ڈرگس چلتی ہے ۔ اس معاملے میں اب این سی بی کی ٹیم کچھ اور لوگوں سے پوچھ گچھ کرنے کی تیاری کر رہی ہے ۔ خبر ہے کہ این سی بی کی ٹیم پہلے اداکارہ سارہ علی خان اور شردھا کپور کو پوچھ گچھ کے لیے بلائے گی، اس کے بعد اداکارہ رکل پریت اور سیمون کوبھی پوچھ گچھ کے لیے سمن بھیجا جائے گا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں