حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا باضابطہ عمل شروع کردیا
جرات ڈیسک
جمعه, ۲۳ اگست ۲۰۲۴
شیئر کریں
وفاقی حکومت نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کی نجکاری کا باضابطہ عمل شروع کر دیا، پہلے مرحلے میں 3 ڈسکوز کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیروں کی تقرری کی تجاویز طلب کی گئی ہیں۔ میڈیارپورٹ کے مطابق نجکاری کمیشن نے حکومت پاکستان کی طرف سے مالیاتی مشیروں کی تقرری کے لیے درخواستیں طلب کی ہیں، بین الاقوامی اخبار میں آج درخواستوں کی طلبی کے لیے اشتہار چھپوا دیا گیا ہے۔ پہلے مرحلے میں فیسکو، آئیسکو، گیپگو کی نجکاری کے لیے مالیاتی مشیروں کی تقرری کی درخواستیں مانگی گئی ہیں، درخواست کنندگان کو ایک ہزار ڈالرز کی پروسسینگ فیس بھی ادا کرنا ہوگی۔ تین ڈسکوز کی نجکاری کے لیے تکنیکی اور مالیاتی تجاویز 16 ستمبر 2024 تک طلب کی گئی ہیں۔