بنگلہ دیش: شیخ حسینہ واجد کاسفارتی پاسپورٹ منسوخ
شیئر کریں
بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے سابق وزیر اعظم اور عوامی لیگ کی سربراہ شیخ حسینہ واجد اور ان کے دوراقتدار میں ارکان پارلیمنٹ کو جاری کیے گئے تمام ڈپلومیٹک پاسپورٹ منسوخ کر دیئے ہیں۔ مقامی میڈیا نے بتایاکہ بنگلہ دیش کے محکمہ داخلہ کی طرف سے اعلان کردہ اس فیصلے میں سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ کا سفارتی پاسپورٹ بھی منسوخ کر دیا گیا ہے۔ڈپلومیٹک پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو بعض ممالک کے ویزا فری سفر کے علاوہ دیگر مراعات بھی حاصل ہوتی ہیں۔ بنگلہ دیشی کی عبوری حکومت کا یہ اقدام مستقبل کے حوالہ سے اس کی پالیسیوں کا آئینہ دار ہے۔واضح رہے کہ شیخ حسینہ واجد پانچ اگست کو ملک سے فرار ہونے کے بعد اب تک بھارت میں مقیم ہیں اور برطانیہ یا کسی دیگر یورپی ملک میں پناہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہیں لیکن تاحال انہیں کسی یورپی ملک نے پناہ نہیں دی۔دوسری طرف بنگلہ دیش کی اپوزیشن جماعت بنگلہ دیش نیشنلسٹ پارٹی کی طرف سے بھارت سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا گیا ہے لیکن فی الحال بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کی بھر سے اس حوالہ سے بھارتی حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا۔