میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی،شیخ رشید

مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی،شیخ رشید

ویب ڈیسک
اتوار, ۲۳ اگست ۲۰۲۰

شیئر کریں

وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپوزیشن کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی۔وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ شالیمار کے کرائے میں 25 اگست سے 10 فیصد کمی کی جا رہی ہے جب کہ فریٹ کی آن لائن بکنگ کا سوچ رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ریلوے مزدوروں کو تنخواہ مل رہی ہے، کسی کو نہیں نکال رہے، لیکن صرف ان کو تنخواہ ملے گی جو کام کرتے ہیں، پنشن میں تاخیر ہو رہی ہے لیکن اس کے لیے کام کر رہے ہیں اور کنٹریکٹ ملازمین کو بھی مستقل کرنیجا رہے ہیں۔اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ اے پی سی اِن کے اپنے گلے پڑ سکتی ہے، مولانا فضل الرحمان اے پی سی کا تحریری اعلامیہ چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ ان کا تو سیاسی خانہ خراب ہے تو کسی کی کیوں سندھ میں حکومت ہو اور کوئی کیوں پارلیمنٹ میں ہو، فضل الرحمان چاہتے ہیں کہ کسی کی بھی حکومت نہ رہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف تقریر کر سکتے ہیں لیکن تحریر کی طرف نہیں جائیں گے۔نیب دفتر کے باہر ہونے والے جھگڑے پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ مریم نواز کے تمام پتھر شہباز شریف کی سیاست پر ٹھاہ کر کے لگے ہیں، شہباز شریف جو سوچے بیٹھے تھے مریم نے اس کا ستیا ناس کر دیا ہے، شہباز شریف اور حمزہ کا کیس گہرے پانیوں میں ہے۔وزیر ریلوے نے کہا کہ مریم سوچتی ہیں میں تو نااہل ہو گئی ہوں اور یہ نااہل ہوئے بغیر کس طرح پھر رہے ہیں، ایک سال تک ان کا ٹوئٹ زنگ آلود رہا، ان کے ٹوئٹر کو ایک سال تک سگنل ہی نہیں مل رہا تھا، ایک سال بعد جب سگنل ملا تو سگنل بھی جاکر شہباز شریف کی سیاست کو لگا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ دونوں بڑی جماعتیں این آر او کی تلاش میں ہیں لیکن عمران خان کسی کو این آر او نہیں دے گا، وہ پہلے ہی پچھتا رہا ہے کہ نواز شریف چلا گیا ہے۔ سابق وزیراعظم کی وطن واپسی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف اتنے بھولے نہیں کہ شہباز شریف والی غلطی کریں، ان کے لیے شہباز شریف کی ایک قربانی ہی کافی ہے۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم اسحاق ڈار اور سلیمان شہباز کو نہیں لا سکے تو نواز شریف کو لانا آسان کام تو نہیں ہے لیکن خواہش ہے کہ نواز شریف واپس آئیں اور کیس کا ٹرائل پورا کریں۔شیخ رشید نے کہا کہ یہ مردہ اور تھکی ہوئی اپوزیشن عمران خان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، بزدار اپنی جگہ پر قائم ہے اور عمران خان اس کے ساتھ کھڑا ہے۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں