میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
سندھ حکومت انجانے خوف میں مبتلا،پارٹی ارکان اسمبلی کی نگرانی شروع

سندھ حکومت انجانے خوف میں مبتلا،پارٹی ارکان اسمبلی کی نگرانی شروع

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۳ اگست ۲۰۱۹

شیئر کریں

سندھ میں پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت انجانے خوف میں مبتلا ہوگئی، پی پی کی اعلیٰ قیادت کو سندھ میں اپنی حکومت کے حوالے سے پہلی مرتبہ خطرے کی بو آنے لگی، مشکوک ارکان اسمبلی کی کڑی نگرانی شروع کر دی گئی، ان کی نقل و حرکت اور سیاسی شخصیات سے رابطوں پر نظر رکھی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق جیل میں قید آصف زرداری نے پارٹی کی سندھ قیادت کو ارکان اسمبلی کے حوالے سے ہوشیار رہنے کا پیغام بھیجا ہے، جبکہ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے بھی پیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی سے انفرادی ملاقاتوں کے ذریعے کسی جانب سے پیغام ملنے یا نہ ملنے کی تصدیق کرانا شروع کردی ہے۔ آصف زرداری کو خدشہ ہے کہ نیب کی زیر حراست سندھ اسمبلی کے اسپیکر سراج درانی کو نااہلی کا سامنا کرنا پڑا اور خفیہ رائے شماری کے ذریعے اسپیکر کا انتخاب کرنا پڑا تو پیپلز پارٹی کی سندھ اسمبلی میں بھی سینیٹ والی صورتحال کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کی قیادت کو وزیراعلی مراد علی شاہ کی نیب کیس میں ممکنہ گرفتاری و نااہلی سے زیادہ فکر آغا سراج درانی کے کیس میں ہے۔ پیپلز پارٹی نے چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد میں خفیہ رائے شماری میں نقصان اٹھانے کے بعد بھی سندھ اسمبلی میں اسپیکر کے الیکشن کے لیے خفیہ رائے شماری کا قانون تبدیل نہیں کیا ہے۔ دوسری طرف سندھ حکومت کے مخالفین نے بھی ہم خیال ارکان اسمبلی سے رابطوں کا سلسلہ بڑھا دیا ہے، سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے 99 ارکان میں سے بیشتر کے اسمبلی میں نہ آنے اور وزرا و اہم رہنمائوں کی مایوسی و غیر واضح سرگرمیوں نے بھی سندھ میں حکومت کی تبدیلی کے مجوزہ پلان کے لیے پیالی میں طوفان کا سا ماحول پیدا کر دیا ہے۔ سندھ کے سیاسی اور حکومتی معاملات سے واقفیت رکھنے والے کئی باخبر حلقوں کا کہنا ہے کہ سندھ میں پیپلز پارٹی کو اپنے ذرائع سے ایسی اطلاعات اور اشارے موصول ہوئے ہیں جنہوں نے اس کی تشویش اور پریشانی کو بڑھا دیا ہے۔ گھوٹکی کے حالیہ ضمنی انتخاب میں پیپلز پارٹی کے ہاتھوں سیاسی ہزیمت کا نشانہ بننے والے سردار علی گوہر خان مہر نے ایک مرتبہ پھر پیپلز پارٹی کے ارکان سے رابطے شروع کر دیے ہیں۔


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں