سندھ کے 1لاکھ 33ہزار اساتذہ کی قابلیت جانچنے کافیصلہ
شیئر کریں
معیار تعلیم کو بہتر کرنے کے لیے سندھ کے 1لاکھ 33ہزار اساتذہ کی قابلیت جانچنے کافیصلہ کیاگیاہے۔ تفصیلات کے مطابق ایفی شینسی انالیسز انسائیڈ دا کلاس ٹیسٹ سے ٹیچرز کی پڑھانے کی قابلیت کو جانچا جائے گا اور قابلیت جانچنے کے بعد فیصلہ کیا جائیگاکہ اساتذہ کوملازمت پر برقرار رکھنا ہے یا نکالنا ہے ، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن قاضی شاہد نے بتایا ہے کہ محکمہ تعلیم اس وقت جس اہم مسئلے سے دوچار ہے وہ اساتذہ کی قابلیت ہے۔اگر کوئی ٹیچر آٹھویں جماعت کا ریاضی کا مضمون پڑھاتا ہے تو اس کی قابلیت بھی اسی حساب سے ہونی چاہیے لہذا ہم نے تعلیم کے معیارکو بہتر بنانے کے لیے سب سے پہلے اساتذہ کی اسسمنٹ کا عمل شروع کیا ہے اس کے تحت کوئی بھی استاد بچوں کو جب کلاس روم میں پڑھائے گا تو ماسٹرز ٹرینرز کلاس روم میں بیٹھ جائیںگے اور ٹیچر کی پڑھانے کی قابلیت کو چیک کریں گے۔ قابلیت کو چیک کرنے کے لیے 10پیمانے رکھے گئے ہیں جن میں تعارف کیسے ہوتا ہے، کلاس میں انٹری کیسے ہوتی ہے، جو ٹاپک پڑھایا جارہا ہے اس پر استاد کی گرفت کتنی ہے، پڑھانے کا طریقہ کار کیا ہے۔ بصری رابطہ، استاد کا طلبہ سے کیسا کنکشن ہے، بچے کتنی دلچسپی لے رہے ہیں وغیرہ کا جائزہ لیا جائے گا۔جانچ پڑتال کے بعد اس ٹیچر کو بلایا جائے گا، ماسٹر ٹرینر اس ٹیچر کو بتائے گا کہ آپ کس پیرامیٹر میں کمزور ہیں اور پھر اس ٹیچر کو 3ماہ کا وقت دیا جائے گا کہ وہ اپنی ان کمزوریوں پر قابو پاکر انھیں کم کریں، اس سلسلے میں اس ٹیچر کو ریڈینگ مٹریل دیا جائے گا اور ہیڈ ماسٹر کو کہا جائے گا کہ ان پوائنٹس کو دیکھیں، 3 ماہ کے بعد اس ٹیچر کی کارکردگی کا دوبارہ جائزہ لیاجائے گا اور دیکھا جائے گا کہ اس ٹیچر میں کس حد تک بہتری آئی ہے۔