پاکستان اور چین مقبوضہ کشمیرپر اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں، چینی سفیر
شیئر کریں
چین نے واضح کیا ہے کہ پاکستان اور چین مقبوضہ کشمیر پر اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں، خطے میں ہر قسم کی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں، کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے ، سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام میں مزید تیزی لائی جائے گی۔ اس امر کا اظہار چین کے پاکستان میں سفیر یو جینگ نے چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے ملاقات میں کیا ۔ چین کے پاکستان میں سفیر یو جینگ نے جمعہ کو یہاں اسلام آباد میں چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کی ۔ ملاقات میں کشمیر سمیت خطے کی موجودہ صورتحال اور دو طرفہ امور پر گفتگوکی گئی ۔چیئرمین سینیٹ نے چینی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر پر پاکستان اور چین کا موقف یکساں ہے ۔ بھارت کو کسی طور پر خطے کا تھانیدار نہیں بننے دیں گے ۔صادق سنجرانی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت اور کشمیر کی حیثیت کو تبدیل کرنے کے بھارتی فیصلے کی پور ی دنیا مذمت کر رہی ہے ۔ پاکستان اور چین کے تعلقات تاریخ کی ہر آزمائش پر پورے اترے ہیں۔ دونوں ملکوں کے مابین ترقیاتی اور اقتصادی شراکت داری ایشیا کو دنیا میں منفرد مقام فراہم کر ے گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ سی پیک خطے کے مستقبل اور پاک چین دوستی کا مظہر ہے ۔حکومت کی جانب سے سی پیک اتھارٹی کے قیام کے فیصلے سے جاری ترقیاتی منصوبوں میں تیزی لانے میں مدد ملے گی اور ان منصوبوں کے جلد ثمرات سے استفاد ہوگا۔ دونوں ملکوں کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کیلئے پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائے گا۔ دونوں ملکوں کے مابین پارلیمانی تعلقات کے استحکام سے عوام کو ایک دوسرے کے قریب آنے کے مزید مواقع میسر ہوئے ہیں۔چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان دیرینہ اور بے مثل دوست ہے ۔ خطے میں ہر قسم کی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی مذمت کرتے ہیں۔ چینی سفیر نے کہا کہ کشمیریوں کے حقوق کے تحفظ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوانے کیلئے عالمی برادری کو کردار ادا کرنا چاہیے ۔ یو جینگ نے کہا کہ پاکستان اور چین مقبوضہ کشمیر کے حوالے اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں۔ سی پیک کے تحت جاری منصوبوں پر کام میں مزید تیزی لائی جائے گی۔