ہر طرح کے خطرات کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہیں‘عسکری قیادت
شیئر کریں
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیر صدارت اجلاس، سروس چیفس کی شرکت، ملکی دفاعی اور سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے تیاریوں پر مکمل اطمینان اور اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ عسکری قیادت نے واضح کیا ہے کہ ہر طرح کے خطرات کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عاملہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیرصدارت عسکری قیادت کا اجلاس جوائنٹ اسٹاف ہیڈ کوارٹرز میں ہوا،اجلاس میں دفاعی اور سلامتی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے شرکت کی، فورم کو خیبرپختونخواہ اور بلوچستان میں مغربی سرحدوں کی تازہ ترین صورتحال سمیت قومی سلامتی کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کے شرکا نے اسٹریٹجک اور روایتی پالیسیوں میں تیز رفتار پیش رفت، خطے میں پائیدار ترقی کے لئے افغانستان میں امن کی اہمیت اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مسلح افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا، شرکا کی جانب سے اس عزم کا بھی اعادہ کیا گیا کہ مسلح افواج ہر طرح کے خطرات کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں، جس کیلئے ایک جامع سیکیورٹی حکمت عملی موجود ہے، فورم کے شرکا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔