میگزین

Magazine

ای پیج

e-Paper
نادرن بائی پاس مویشی منڈی جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ،خریدار خالی ہاتھ لوٹنے لگے

نادرن بائی پاس مویشی منڈی جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ،خریدار خالی ہاتھ لوٹنے لگے

ویب ڈیسک
جمعه, ۲۳ جون ۲۰۲۳

شیئر کریں

کراچی (رپورٹ: سجاد کھوکھر) نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں قربانی کے جانور آسمان سے باتیں کرنے لگے قربانی کے جانوروں کی قیمتوں میں اضافے کے باعث خریدار خالی ہاتھ واپس لوٹنے لگے خریداروں کا دعویٰ ہے کہ گزشتہ برس کے مقابلے میں اس سال جانور 65 فیصد مہنگا فروخت ہو رہا ہے تفصیلات کے مطابق نادرن بائی پاس پر قائم مویشی منڈی کی خوبصورت اور مختلف رنگ ونسل کے مویشیوں اور برقی قمقموں سے جگمگ کرنے والی مویشی منڈی نے کراچی والوں کے دلوں پرراج کرلیا ہے، 7 سو ایکڑ رقبے پر لگنے والی مویشی منڈی میں ساڑھے پانچ لاکھ جانور لائے چکے ہیں جس میں سے ڈھائی لاکھ جانور فروخت ہو چکے ہیں، منڈی میں 13 بلاکس ہیں جس میں سے 2 وی آئی پی بلاکس ہیں۔جہاں اعلی نسل کے مہنگے جانور موجود ہیں جبکہ بکرے، بیل گائے، اونٹ، دنبے کے الگ الگ بلاکس ہیں،ہر خیمہ منفرد رنگوں سے سجایا گیا ہے، جس میں نارنجی، سبز، لال، گلابی، سفید اور نیلا رنگ شامل ہیں، جانوروں کیلیے بیوپاریوں کو 20 لیٹر فی جانور کے حساب سے پانی دیا جارہا ہے، بجلی اور ٹینٹ کی سہولت بھی ہے بیمار جانور کیلیے میڈیکل کیمپ بھی قائم کیے گئے ہیں۔چار ہزار فی جانور ٹیکس وصول کیا جارہا ہے، زیادہ تر شہری وزن نہیں بلکہ نسل پر توجہ دے رہے ہیں، برہمن،ساہیوال،آسٹریلین نسل کی گائے، بیل ، کاموری،سندھی ، ٹاپری اور گلابی نسل کے بکرے ،ریگستانی،چولستانی، سبی سمیت دیگر نسل کے جانور ملک بھر سے لائے گئے ہیں، شہری اپنے من پسند خوبصورت جانور خریدنے کیلیے بہت پر جوش نظر آئے، رواں سال سیکیورٹی کے انتظامات بہتر ہیں کراچی ٹول پلازہ اور دیگر پکے راستوں پر کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔ کیمرے سے گزرنے والے ملزمان گاڑیوں کے نمبر، چہرے کی شناخت میں آسانی ہوگی، 5 سو سے زائد سیکیورٹی اہلکار تعینات ہیں، نادرن بائی پاس مویشی منڈی کے ترجمان مطاہر چالہ نے کہا کہ امن و امان سے متعلق پولیس کے بہتر اقدامات کی وجہ سے شہری اپنی فیملیز کے ہمراہ آرہے ہیں منڈی کا وزٹ کرنے والے شوقین اور خریدار گھنٹوں لائن میں لگ رہے ہیں شہریوں نے اپنی گاڑیا ں کھڑی کرکے پیدل گشت کیا اورخوبصورت من پسند مویشیوں کو تلاش کررہے ہیں جیسے جیسے عید نزدیک آرہی ہے ویسے ہی شہریوں نے منڈی کا رخ کر لیا۔ منڈی میں کچھ خریدے ہوئے جانور بھی موجود تھے ،مالکان انہھیں دکھاتے ہیں تاکہ مستقبل کے گاہکوں کو اپنی طرف متوجہ کر سکیں، بیوپاریوں کا کہنا تھا کہ اس بار چارہ مہنگا ہوگیا ہے ، ٹرالر کا کرایہ بھی ایک لاکھ سے بڑھا کر دو لاکھ ہوگیا، جانور مہنگے فروخت کرنے پر مجبور ہیں، اس بار خریدار بہت کم ہیں ڈکیتیوں کی افواہوں کی وجہ سے لوگ خوفزدہ ہیں،امید ہے کہ اس ہفتے جانور فروخت کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور اپنے گاوں جا کر اپنوں کے ساتھ عید منائیں گے۔ خریداروں کا کہنا تھا گزشتہ سال جس قیمت میں گائے خریدتے تھے اس سال اس قیمت پر بکرے مل رہے ہیں ،قیمتوں میں دگنا اضافہ ہوگیا، کوشش ہے کہ سودا بن جائے بیوپاریوں سے طویل سودے بازی کرنی پڑ رہی ہے کوشش ہے کہ جانور لے کر ہی جائیں اتنا لمبا سفر دوبارہ طے کرنا مشکل ہوجائے گا۔ نمائندہ جرآت کو بفرزون سے خریداری کے لیئے آئے ہوئے ایک خریدار نے بتایا کہ وہ ڈیڑھ لاکھ روپے کا بجٹ لے کر مویشی منڈی آیا تھا مجھے تین سے چار من کا جانور خریدنا تھا لیکن یہاں تو تین من کے جانور کی بولی ہی تین لاکھ سے شروع ہے خریدار محمد عرفان کا کہنا ہے کہ وہ صبح 9 بجے منڈی میں داخل ہوا اسے تین گھنٹے گزر جانے کے باوجود کوئی سودا ہوتا ہوا نظر نہیں آ رہا نمائندہ جرآت کو گلشن اقبال سے آئے ہوئے ایک خریدار سہیل انصاری نے بتایا کہ نادرن بائی پاس پر لگی مویشی منڈی ایک تو دور ہے اتنے دور کے فاصلے میں لوٹ مار کا خوف بھی رہتا ہے میں جب سے نادرن بائی پاس منڈی آیا ہوں گھر سے خیریت معلوم کرنے کے لیئے دس فون کالیں آ چکی ہیں سہیل انصاری کا کہنا ہے کہ وہ ایک لاکھ روپے کا بجٹ لے کر آیا ہے قیمتوں میں اس قدر اضافہ ہو چکا ہے کہ انہیں لگ رہا ہے خالی ہاتھ واپس جانا پڑے گا کیونکہ نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں جو قیمتیں ہیں اس میں ایک لاکھ روپے کا جانور ملنا نا ممکن ہے مزید کہنا تھا کہ بیوپاریوں نے قربانی کے جانوروں کی قیمتیں بڑھا کر عوام کا بھرکس نکال دیا ہے ایک خریدار ساجد احمد کا کہنا تھا کہ نادرن بائی پاس مویشی منڈی میں قیمتیں بہت چڑھی ہوئی ہیں تیز قیمتوں کی وجہ سے خریداروں کی اکثریت خالی ہاتھ واپس لوٹ رہے ہیں


مزید خبریں

سبسکرائب

روزانہ تازہ ترین خبریں حاصل کرنے کے لئے سبسکرائب کریں