شہرکے مختلف علاقوں میں متحدہ لندن کی وال چاکنگ،حساس ادارے متحرک
شیئر کریں
(رپورٹ : شعیب مختار) متحدہ لندن کے کراچی پریس کلب کے باہر احتجاج اور شہر قائد کے مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی وال چاکنگ سامنے آنے پر حساس ادارے متحرک ہو گئے، شہر کا امن و امان خراب کرنے والوں کی کڑی نگرانی کا آغاز کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز متحدہ لندن کی جانب سے لاپتا کارکنان کی بازیابی سے متعلق احتجاج کی کال دی گئی تھی جس پر متعدد خواتین و مرد کارکنان کراچی پریس کلب پہنچے تھے تمام تر معاملے سے متعلق اطلاع موصول ہونے پر علاقائی پولیس کی جانب سے بروقت کارروائی کرتے ہوئے متحدہ لندن کے احتجاج کی منصوبہ بندی ناکام بنا دی گئی تھی جبکہ اس سلسلے میں کئی گرفتاریاں بھی عمل میں آئی ہیں۔ اس ضمن میں رات گئے متحدہ لندن کی ہدایات پر نامعلوم افراد کی جانب سے شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بطور احتجاج وال چاکنگ کی گئی ہے جس میں ’’مہاجروں کو انصاف دو‘‘ کے نعرے آویزاں ہیں۔تمام تر صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متحدہ لندن کی شہر قائد میں سیاسی انٹری کو روکنے کے لیے مورچے سنبھال لیے ہیں جس کے تحت تنظیم کی سرگرمیوں اور سوشل میڈیا پر پارٹی کی مہم جوئی کرنے والوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے کسی بھی شخص کے متحدہ لندن کے حق میں وال چاکنگ کرنے یا بانی متحدہ سے تانے بانے جڑنے پر اسے نہ صرف فوری حراست میں لیا جائے گا بلکہ اس کیخلاف ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث پائے جانے کے پیش نظر مقدمات بھی قائم کیے جائیں گے۔