امریکا کا پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیر مقدم
شیئر کریں
امریکا کی جانب سے پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے کا خیر مقدم کیا گیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کی نائب ترجمان جیلینا پورٹر نے کہا کہ امریکا مسلسل کہہ رہا ہے کہ عمران خان کے الزامات میں قطعی کوئی صداقت نہیں ہے۔ جیلینا پورٹر کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستان کے ساتھ دیرینہ تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، مضبوط، خوشحال اور جمہوری پاکستان امریکی مفادات کے لیے اہم ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی سلامتی کمیٹی کے ہونے والے اجلاس کے اعلامیے میں کہا گیا کہ خفیہ اداروں نے مراسلے کی تحقیقات کیں لیکن اس میں غیرملکی سازش کے کوئی ثبوت نہیں ملے۔ قومی سلامتی کمیٹی کے اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ سکیورٹی اداروں کی تحقیقات کا نتیجہ یہ نکلا کہ کوئی بیرونی سازش نہیں ہوئی، اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کے گزشتہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق بھی کی گئی۔