وزیراعظم ، امریکی صدر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ، کورونا وائرس پر گفتگو
شیئر کریں
وزیراعظم عمران خان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے جس میں دونوں رہنماؤں نے کورونا وائرس سے متعلق عالمی سطح پر پیدا ہونیوالی صورتحال پر گفتگو کی ۔ جمعرات کوعمران خان اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان گفتگو میں کورونا وائرس کے معاملے تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعظم نے امریکا میں کورونا وبا سے ہونے والی اموات پر اظہار افسوس بھی کیا۔وزیراعظم عمران خان نے امریکی صدر کو پاکستان میں کورونا پھیلاؤ کو روکنے کی کوششوں سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ ہمیں وبائی صورتحال کیساتھ ساتھ دوہرے چیلنج کا سامنا ہے ۔ ہم نے وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے ساتھ ساتھ غربا کو بھی بھوک سے بچانا ہے ۔دونوں لیڈروں نے کورونا وائرس کی عالمی صورتحال اور درپیش خطرات پر تبادلہ خیال کیا جبکہ اس کے عالمی معیشت پر اثرات اور تدارک کے حوالے سے بھی بات کی۔ دونوں رہنمائوں نے علاقائی امور اور باہمی تعلقات مضبوط بنانے اور پاک امریکا تعلقات کے فروغ کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ کو کورونا وبا کے باعث اپنے 8 ارب ڈالرز کے پیکج سے آگاہ کیا اور کہا کہ ترقی پذیر ملکوں کو قرض کی ادائیگی کے ضمن میں عالمی اقدام کی ضرورت ہے ۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق وزیر اعظم نے صدر ٹرمپ سے گفتگو میں مستحکم افغانستان کیلئے سیاسی حل کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا۔امریکی صدر نے کورونا سے نمٹنے کیلئے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی اور وزیراعظم عمران خان کو کورونا ٹیسٹ کیلئے جدید ترین مشین بھجوانے کی بھی پیشکش کی۔