پاور سیکٹر تحقیقاتی رپورٹ پڑھ کر معلوم ہوا ملک کے ساتھ اجتماعی زیادتی ہوئی، صدر مملکت
شیئر کریں
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ انہوں نے پاور سیکٹر میں ہونے والی تحقیقات کی رپورٹ پڑھی ہے جسے پڑھ کر وہ اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ مافیاز نے ملک کے ساتھ زیادتی نہیں بلکہ اجتماعی زیادتی کی ہے ۔نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویومیں صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ وہ پاورکمپنیوں کے اضافی منافع سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پڑھ کر اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ قوم کا ریپ نہیں،گینگ ریپ ہوا ہے ۔صدر عارف علوی نے بتایا کہ تحقیقاتی رپورٹ کی سمری پڑھی ہے ، یہ رپورٹ فی الحال یک طرفہ ہے ، اس میں اسٹیک ہولڈرز کی رائے آنی باقی ہے ، وزیراعظم سے ملاقات میں رپورٹ پر بھی بات ہوئی، میں نے وزیراعظم کوکہا کہ اگریہ رپورٹ صحیح ہے تو مافیاز نے ملک کا ریپ نہیں بلکہ گینگ ریپ کیا ہے ۔صدر مملکت عارف علوی نے کہا کہ علماء کیساتھ طے پانے والے 20 نکاتی فارمولے پر سب کا اجماع ہے اور اس کی خلاف ورزی گناہ کے زمرے میں آئے گی۔انہوںنے کہاکہ پارلیمنٹ کا آن لائن اجلاس فی الحال نہیں بلایا جاسکتا تاہم سماجی فاصلے کے ساتھ پارلیمنٹ کا اجلاس بلانے میں کوئی حرج نہیں ہے ۔صدر عارف علوی نے کہا کہ اب یہ ذمہ داری صرف آئمہ یا حکومت کی نہیں بلکہ ہر فرد کی ہے کہ وہ ان احتیاطی تدابیر پر عمل کرے ۔صدر مملکت نے کہاکہ اگر رمضان کے دوران حکومت یہ محسوس کرے کہ ان تدابیر پر عمل نہیں ہو رہا یا متاثرین کی تعداد برھ گئی ہے تو حکومت دوسرے شعبوں کی طرح مساجد اور امام بارگاہوں کے بارے میں فیصلوں پر نظر ثانی کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ اس بات کا بھی حکومت کو اختیار ہے کہ شدید متاثرہ علاقوں میں وہاں کے احکامات اور پالیسی کو بدل دیا جائے ۔