جنا ح نرسنگ اسکو ل وکالج میں اضافی نشستوں کی بندربانٹ
شیئر کریں
( نمائندہ جرأت ) جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر نرسنگ اسکول اور کالج میں داخلوں میں بڑے پیمانے ہونے والی بندر بانٹ پر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل تنظیموں نے تحقیقات کا مطالبہ کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جناح اسپتال کراچی کی انتظامیہ نے نرسنگ اسکول و کالج میں داخلوں کے لیے ملنے والی اضافی نشستیں انتظامی افسران نے آپس میں تقسیم کرلیں۔ ذرائع کے مطابق جناح اسپتال نرسنگ اسکول و کالج کے لیے ابتدائی طور 100نشستیں این ٹی ایس پاس امیدواروں کو داخلے دیے گئے بعد میں حکومت سے 50اضافی نشستیں حاصل کرکے بندر بانٹ فارمولے کے تحت آپس میں تقسیم کرلیں گئیں۔ یہ مبینہ طور پر تقسیم انتظامی افسران، ایک ڈاکٹر تنظیم، دو سیاسی جماعتوں کے طلباء ونگ اور پیرا میڈیکل رہنماؤں میں کی گئیں جبکہ ایک خاتون ڈپٹی ڈائریکٹر نے گھریلو ملازمہ اور آیا کی بیٹی کو لسٹ میں نام نہ ہونے کے باوجود داخلے دلائے، اسی طرح ایک نوجوان انتظامی افسر نے اپنے عہدے کا بھی خوب فائدہ اٹھایا۔ جناح اسپتال میں ہونے والے بندر بانٹ پر ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل تنظیموں نے تشویش کا اظہار کیا ہے اور حکومت سندھ سے داخلے کینسل کرکے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ اس حوالے سے ڈپٹی ڈائریکٹر ڈاکٹر نوشین نے کہا کہ فارمولے کے تحت اسپتال کے ملازمین کے بچوں کو داخلے دیے گئے اور باقی داخلے میرٹ اور فہرست کے مطابق دیے گئے۔ ترجمان جناح اسپتال جہانگیر درانی کے مطابق اسپتال کو ملنے والی اضافی نشستوں پرمیرٹ کے مطابق داخلے دیئے گئے ہیں ۔