عمران خان سمیت دیگر قائدین و کارکنان کے خلاف 127 کیسز کی فہرست عدالت میں جمع
شیئر کریں
پنجاب اور اسلام آباد پولیس کی جانب سے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر قائدین اور کارکنوں کے خلاف 127 کیسز کی فہرست لاہور ہائیکورٹ میں جمع کرا دی گئی۔ جمعرات کو لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست پر سماعت کی جس دوران پنجاب حکومت نے حلف نامے کے ساتھ کیسز کی تفصیلات عدالت میں جمع کرائیں۔ فواد چودھری نے سرکاری وکیل سے حلف نامے کا پوچھا تو فاضل جج نے ٹوک دیا اورکہا کہ یہ سوال پوچھنا عدالت کا حق ہے، آپ کا نہیں۔ دوران سماعت وفاقی حکومت کے وکیل نے 43 اور پنجاب حکومت کے وکیل نے 84 کیسز کی فہرست فراہم کی، ان میں سے عمران خان کے خلاف پنجاب میں 6 جبکہ اسلام آباد میں 28 کیسز درج ہیں۔ وفاقی حکومت کے وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار کے خلاف ایک کیس ایف آئی اے کے پاس بھی ہے جس پر فواد چودھری نے کہا وہ سمجھ رہے تھے کہ 100 کیسز ہیں مگریہ تو سنچری پار ہو گئی۔دوران سماعت نیب کے وکیل نے تفصیلات کے لیے مہلت مانگی تو عدالت نے اینٹی کرپشن اور نیب کو جمعہ تک رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ عدالت نے قرار دیا چونکہ پولیس کا ریکارڈ آ گیا، اس لیے ان مقدمات کی حد تک تادیبی کارروائی سے روکنے کا حکم ختم کر رہے ہیں تاہم اینٹی کرپشن اور نیب، تفصیلات فراہم کرنے تک تادیبی کارروائی نہیں کریں گے۔