ملک بھر میں یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منایا گیا
شیئر کریں
کورونا وائرس کے باعث ملک بھر میں یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منایا گیا،ملک میں دن کا آغاز مساجد میں دعائوں سے ہوا جبکہ وفاقی دارالحکومت میں صبح کا آغاز 31اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21توپوں کی سلامی دی گئی ۔کورونا وائرس کی وجہ سے قوم نے یوم پاکستان سادگی کے ساتھ منا یا ، یوم پاکستان پر منعقد ہونے والی تمام سرکاری اور غیرسرکاری تقریبات منسوخ کی گئیں تاہم دن کے آغاز پر مساجد، گرجاگھروں، مندروں اور گورودوارں میں عبادت کے دوران ملک کی سلامتی، ترقی خوشحالی اورخاص طورپرکورونا وائرس سے بچائو کیلئے دعائیں مانگی گئیں،یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی گئی۔اس موقع پرنعرہ تکبیراور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے ۔قومی اعزازات کی مرکزی تقریب ایوان صدر میں ہونا تھی جس میں صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مختلف شخصیات کوعسکری وسول اعزازات سے نوازنا تھا، گورنر ہائوسز میں ہونیوالی اعزازات کی تقاریب بھی منسوخ کر دی گئیں۔ اعزازات کی تقریب صورتحال بہتر ہونے پر منعقد کی جائے گی، اسی طرح لاہورمیں مزاراقبال پرگارڈزکی تبدیلی کی تقریب بھی نہیں ہوئی جب کہ واہگہ بارڈر، گنڈا سنگھ بارڈر پر قومی پرچم اتارے جانے کی تقریبات میں بھی شہری شریک نہیں ہوسکتے ، کورونا وائرس سے احتیاطی تدابیر کے طور پر ہر قسم کے عوامی اجتماعات خصوصا فوجی پریڈ منسوخ کردی گئی تاہم ریڈیو پاکستان اور پاکستان ٹیلی ویژن خصوصی پروگرام نشر کئے جبکہ اخبارات نے اس موقع پر خصوصی ضمیمے شائع کئے ۔ یاد رہے کہ یہ دن 1940 میں قرارداد لاہور منظور کئے جانے کی یاد میں منایا جاتا ہے جس کے تحت برصغیر کے مسلمانوں نے علیحدہ وطن کے حصول کے ایجنڈے کا عزم کیا تھا۔